واپڈا نے قومی ویٹ لفٹنگ چمپین شپ جیت لی

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) واپڈا نے 61ویں قومی سینئر مینز ویٹ لفٹنگ چمپین شپ 105 پوائنٹس کے ساتھ جیت لی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے 71 پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب نے 41 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔واپڈا کے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے چمپین شپ میں سنیچ ،کلین جرک اور ٹوٹل کی کیٹیگریز میں تین نئے قومی ریکارڈ قائم کئے۔تین روزہ چمپین شپ کا اہتمام پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے کیا تھا۔ میڈلز کی پوزیشن کے مطابق، واپڈا نے 5طلائی ا ور 3 کانسی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ایک طلائی ، 4کانسی اور 2 نقرئی جبکہ پنجاب نے ایک طلائی اور چارنقرئی میڈلز جیتے۔چمپین شپ میں کل 10 ٹیموں نے حصہ لیا جس میں واپڈا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان آرمی ، پاکستان ریلویز، پنجاب ، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ چمپین شپ میں ویٹ لفٹرز نے 8مختلف کیٹیگریز میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔