وفاقی حکومت کی جانب سے ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپین شپ کے گولڈ میڈلسٹس کو5-5لاکھ روپے کا انعام ۔کھلاڑیوں میں انعامات وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے تقسیم کئے

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز .فوٹو: پرویز مغل) وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈکے زیر اہتمام ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپین شپ میں دوپاکستانی ریسلرز کی طرف سے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل ایونٹ میں دو گولڈ میڈلز حاصل کرنیوالے ریسلرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد:جس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے دونوں قومی ہیروز کو5،5لاکھ روپے کی انعامی رقم سے نوازا۔اس موقع پر ڈی جی پی ایس بی ڈاکٹر اختر نواز گنجیرہ،ڈپٹی ڈی جیز منصور احمد خان،ڈاکٹر وقار احمد،سید حبیب شاہ اور محمداعظم ڈار کے علاوہ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری محمد ارشد ستار،کوچ زاہد خان اور ریسلرزمحمد انعام و عنایت اللہ بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزاد ہ نے سینئر کیٹگری میں گولڈ میڈل جیتنے والے محمد انعام بٹ کیلئے 5لاکھ روپے اورکیڈٹ کیٹگری 70کلوگرام میں عنایت اللہ کو بھی 5لاکھ روپے انعام سے نوازا۔محمدانعام بٹ نے ترکی میں منعقدہ ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپیئن شپ کی مائنس 90کلوگرام کیٹیگری کے مقابلوں میں امریکہ،روس،ترکی،ایران اور یونان کے ریسلرز کو شکست دیکرعالمی چیمپئن کا ٹائٹل جیتا تھا جبکہ عنایت اللہ نے مائنس 70کلوگرام کیٹگری میں ایران اور ترکی کے ریسلرز کو ہرا کر طلائی تمغہ جیت کر ورلڈچیمپیئن کااعزاز حاصل کیاتھا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض حسین پیرزادہ نے دونوں ریسلرز کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میڈلز جیتنے والے ہمارے ہیرو ہے،ملک کا نام روشن کرنیوالوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے ،وزیر اعظم کی بھی خواہش ہے کہ کھیلوں کے میدان زیادہ آباد ہوں، وزیر اعظم نے کھیلوں کے حوالے سے اجلاس بلایا ہے،اجلاس میں قائد اعظم گیمز کے انعقاد کے حوالے سے فنڈزکے مسئلے پر بات کرونگا جبکہ جو کھیلیں زیادہ میڈلز لائیں گی ان پر فوکس کیا جائیگا،بہتر نتائج کیلئے چھ کھیلوں کو ٹارگٹ کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ لیاقت جمنیزیم کی چھت کو بہتر بنایا ہے جبکہ سپورٹس کمپلکس کی بہتری اور تزئین و آرائش کیلئے فنڈز درکار ہیں،تمام صوبوں کے کھلاڑیوں کو طویل عرصے کیلئے کیمپس کی سہولیات فراہم کرینگے ۔ہاکی کا دوسرا گراونڈ بھی تیار کر رہے ہیں تاکہ یہاں پہ ہاکی اکیڈمی کا قیام ممکن ہو سکے ،اس گراونڈ کیلئے آسٹروٹرف کا پی سی ون تیار کرکے بھجوا رہے ہیں ،گوجرہ میں بلیو آسٹروٹرف نصب ہو گئی ہے ،ڈیوس کپ ٹائی ون کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں جبکہ بھارت کے کبڈی کے کھلاڑی بھی پاکستان آ رہے ہیں۔وفاقی وزیرنے کہا کہ ریسلنگ،کبڈی ،ہاکی سمیت روایتی کھیلوں کو بحال کرینگے،گورنر سندھ کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، نجی ادارے آگے بڑھیں اؤر کھیلوں کی سرپرستی کریں ،کھلاڑیوں اور کوچز کے انعامات کی شرح کو بڑھایا جائیگا جبکہ ناروال میں بڑا سپورٹس کمپلکس بن رہا ہے جو کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے معاون فل ثابت ہوگا۔