وومن ٹیم ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے محنت کرے، محمد عامر جان

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، جس میں پاکستان کا ماضی انتہائی شاندار ہے،وومن ٹیم ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے محنت کرے اور برونائی میں ہونیوالے ایشیئن چیلنج کپ فار وومن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائیٹل جیتے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی وومن ہاکی ٹیم کے برونائی کپ کی تیاری کیلئے جاری تربیتی کیمپ کے دورہ کے موقع پرکھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ ہاکی کے کھیل میں ہماری شاندار روایات ہیں جس پر قوم فخر کرتی ہے، خواتین برونائی میں ہونیوالے ایشیئن چیلنج کپ فار وومن میں جذبہ حب الوطنی کے ساتھ کھیلیں اور فتح حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں، کھلاڑیوں کو ٹیم ورک کے ساتھ کھیلنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ایشیئن چیلنج کپ میں کامیابی سے ہاکی کے کھلاڑیوں کے جذبے میں مزید اضافہ ہوگا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ ہاکی کے فروغ کیلئے ہر طرح کا تعاون کیا ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا، بعدازاں ڈی جی سپورٹس پنجاب سے کھلاڑیوں کا تعارف بھی کرایا گیا۔ واضح رہے کہ ایشیئن چیلنج کپ فار وومن 22سے 29اکتوبر تک برونائی میں کھیلا جائے گا۔