سکواش : ٹاپ سیڈ مصر کے کھلاڑی مروان الشوربیگی نے اپنے ہم وطن کھلاڑی محمد ابولغیر کو ہرا کرپاکستان اوپن انٹر نیشنل مینز سکواش چیمپئن شپ کا ٹائیٹل اپنے نام کر لیا

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ پاکستان اوپن انٹر نیشنل مینز سکواش چیمپئن شپ ٹونامنٹ کے ٹاپ سیڈ مصر کے کھلاڑی مروان الشوربیگی نے جیت لی، فائنل میں اس نے اپنے ہم وطن کھلاڑی محمد ابولغیر کو ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔فائنل میچ کے موقع پرچیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان مہمان خصوصی تھے،ان کے ہمراہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سنیئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی، نائب صدر قمر زمان، سابق ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان،سیکرٹری پی ایس ایف گروپ کیپٹن طاہر سلطان،سرینہ ہوٹل کے عزیز بولانی اور مچل اے گلوپن موجود تھے۔مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلے جانیوالے50 ہزار ڈالر انعامی رقم کے حامل اس ٹورنامنٹ کا فائنل مصر کے کھلاڑیوں مروان شور بیگی اورمحمد ابولغیر کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصر کے کھلاڑی نے39 منٹ کے مقابلے کے بعد تین۔ ایک سے کامیابی حاصل کر کے مردوں کے اس ایونٹ میں چیمپئن کا ٹائیٹل حاصل کرلیا۔

فائنل میچ کی پہلی گیم میں شوربیگی نے گیارہ۔تین سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کرلی،دوسری گیم میں ابولغیر نے گیارہ۔سات سے کامیابی حاصل کرکے میچ برابر کر دیا،تیسری گیم میں نے شور بیگی نے گیارہ۔آٹھ سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کر لی جبکہ چوتھی اور آخری گیم میں شور بیگی نے اپنے شاندارکھیل کی بدولت گیارہ۔چھ سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرلی۔اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے مروان الشور بیگی کو وننگ ٹرافی اور7267 ڈالرزکیش پرائز جبکہ محمد ابولغیر کو رنز اپ ٹرافی اور4446ڈالرز کیش پرائز سے نوازا جبکہ سہیل امان ،شاہد اختر علوی ،قمر زمان،جہانگیر خان اور عزیز بولانی کو سوینئر بھی پیش کیئے گئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سہیل امان نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کا آگاز ہو چکا ہے ،پاکستان سکواش فیڈریشن نے سکواش کے دو بڑے ایونٹس کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا جبکہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے ایونٹس کا انعقاد جاری رہے گا۔