ٹینس : سرینا ولیمز اپنے منگیتر الیکس اوہانیان کے ساتھ آج شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی , شادی کی تقریب پر دس کڑوڑ روپے خرچ کئے جائیں گے

نیو اورلینز (سپورٹس ورلڈ نیوز) ٹینس سپر اسٹار سرینا ولیمز اپنے منگیتر الیکس اوہانیان کے ساتھ آج شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔ امریکی شہر نیو اورلینز آرٹس کمپلیکس میں سرینا اور الیکس اوہانیان کی شادی کی تیاریاں جاری ہیں۔ شادی کو شاندار بنانے کے لیے 10 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جارہے ہیں۔ ٹینس اسٹار کی شادی میں بلوائے گئے 250 مہمانوں میں گلوکارہ بیونسے، جے زی اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔ دوسری جانب شادی کی تیاریاں بڑی رازداری کے ساتھ کی جا رہی ہیں، حتیٰ کہ مہمانوں کو بھی تقریب میں موبائل فون کے بغیر شرکت کا کہا گیا ہے کیونکہ تصاویر کے حقوق پہلے ہی ایک میگزین کو فروخت کیے جاچکے۔ 7مرتبہ ومبلڈن سنگل ٹائٹلز جیتنے والی سرینا ولیمز اور الیکس اوہانیان کی پہلی ملاقات 2015 کے آخر میں روم میں ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے دوستی کو رشتے میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔ الیکس اوہانیان ‘ریڈٹ’ نامی ایک ویب سائٹ کے چیف ایگزیکٹیو کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹینس سپر اسٹار سرینا ولیمز کے ہاں 2 ماہ قبل بیٹی کی ولادت ہوئی تھی۔