پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کا قومی سطح کے مقابلوں سے قبل تمام باڈی بلڈرز کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈنیوز)حال ہی میں چار قومی باڈی بلڈرز کی وفات کے بعد پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے قومی سطح کے مقابلوں سے قبل تمام باڈی بلڈرز کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق چاروں قومی باڈی بلڈرز جن میں ہمایوں خرم، مطلوب حیدر، محمد رضوان، اور حامد علی شامل ہیں، ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے دل کی مختلف بیماریوں کے باعث انتقال کر گئے۔ہمایوں خرم نے ساؤتھ ایشین گیمز باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2016 میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مسٹر پاکستان، مسٹر پنجاب اور مسٹر لاہور کے ٹائٹلز بھی اپنے نام کئے۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر شیخ فاروق اقبال نے کہا ہے کہ اس افسوس ناک سانحہ کے بعد تمام باڈی بلڈنگ کلبز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی ہے اور اب ان کلبوں کی رجسٹریشن بحال کی جائے جو بیان حلفی جمع کرائیں گے کہ ان کے کلب کے باڈی بلڈرز تن سازی کیلئے ممنوعہ ادویات استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہونے والے باڈی بلڈنگ کے تمام ایونٹس سے قبل باڈی بلڈرز کے ڈوپ ٹیسٹ لئے جائیں گے۔