پاکستان جوڈوفیڈریشن کا 4کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی معیار کی تربیت کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز)  پاکستان جوڈوفیڈریشن نے 4کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی معیار کی تربیت کیلئے کرغزستان، منگولیا یا ازبکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ فیڈریشن نے قومی کھلاڑی قیصر خان کو 2018 میں ارجنٹینا میں ہونے والے یوتھ اولمپکس کے لئے تیار کیا ہے۔ یوتھ اولمپکس گیم کے کوالیفائنگ راؤنڈ جنوری سے جولائی 2018 تک ہوں گے جس میں قیصر خان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے قیصر خان سمیت دیگر3کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی معیار کی تربیت کے لئے کرغزستان منگولیا یا ازبکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو تحریری طور پر مراسلہ بھجوایا ہے۔