پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں.حکومتی سرپرستی کے بغیر پاکستان ہاکی کے ٹیلنٹ کو آگے نہیں لایا جاسکتا.شہباز احمد سینئر

گوجرہ(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان ہاکی لیجنڈ شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا اچھا ٹیلنٹ موجود ہےمگر حکومتی سرپرستی کے بغیر ٹیلنٹ کو آگے نہیں لایا جاسکتا.انہوں نے یہ بات گوجرہ میں پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیراہتمام انڈر 16 کیلئے لگائے تربیتی کیمپ کے جائزہ کے دوران کہی.اس موقع پر ڈی ایچ اے ٹوبہ ٹیک سنگھ صدر عرفان سینئر اور سیکریٹری خاور جاوید بھی موجود تھے.انہوں نے مزید کہا کہ گوجرہ نے ہمیشہ پاکستان ہاکی کو بڑےنام دیئے ہیں.آج بھی گوجرہ میں جونیئر سطح پر بہترین ٹیلنٹ موجود ہے.اگر حکومت سرپرستی کرے تو یہ ٹیلنٹ آگے جاکر قومی ہاکی ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے.موجودہ ہاکی ماضی کی نسبت جدید اور مہنگی ہوچکی ہے.پاکستانی کھلاڑیوں کو جب تک بین الاقوامی معیار کے مطابق غذاء,فزیکل ٹریننگ اور کوچنگ کے ساتھ مکمل سہولیات نہیں دی جائیں گی تب تک ہمارے کھلاڑی غیر ملکی ٹیموں کا مقابلہ نہیں کرسکتے.پاکستان اسپورٹس بورڈ جسے تمام اسپورٹس کا حب سمجھا جاتا ہے اگر پاکستان کے قومی کھیل کیلئے ہی فنڈز نہیں دیئے جائیں گے تو ہم کس طرح پاکستان ہاکی ٹیم کو بین الاقوامی سطح کی ٹیم تصور کرسکتے ہیں.بھارتی ہاکی ٹیم کی کامیابی کا راز ہی یہی ہے کہ وہاں حکومتی اربوں روپے فنڈز کے ساتھ تمام سہولیات مہیا کرتے ہیں.جبکہ یہاں جو گرانٹ باقاعدہ وزیر اعظم اعلان کرتے ہیں اسکے لئے بھی متعدد بار لیٹر اور ملاقاتیں کی جاتی ہیں اسکے باوجود رزلٹ صفر آتا ہے.لیکن قومی ٹیم سے توقع پوری رکھی جاتی ہے.انہں نے کہا کہ گزشتہ دنوں لاہور میں ہونے والے 4 نیشن پاکستان ہاکی کیلئے بہترین سنگ میل ثابت ہوگا.بحیثیت پی ایچ ایف سیکریٹری میری ہمیشہ کوشش رہی تھی کہ جونیئر کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کروں.یہی وجہ تھی کہ جونیئر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں بھیجا تاکہ جونیئر کھلاڑی باہر جاکر جدید ہاکی سے روشناس ہوسکیں.بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر کی سربراہی میں ہمیشہ پاکستان ہاکی کے بہتر مستقبل کیلئے عملی اقدامات کئے یہی وجہ تھی کہ متعدد ایونٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے ہمارے ایونٹس میں شرکت کی اس سے غیر ملکی ٹیموں کے دروازے پاکستان کیلئے کھلے.مگر اس تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے حکومتی تعاون بے حد ضروری تھا جو بدقسمتی سے فراہم نہیں کیا گیا.میں بحیثیت پاکستان ہاکی لیجنڈ ہمیشہ پاکستان ہاکی کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا.کیونکہ پاکستان ہاکی ہے تو ہم سب ہیں.