پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ ، سوئی سدرن گیس کمپنی نے افغان کلب کو 0۔3 سے آؤٹ کلاس کردیا ،دوسرے میچ میں واپڈا نے مسلم کلب کو 0۔1سے مات دے دی

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے افغان کلب کو 0۔3 سے آؤٹ کلاس کردیا
ماڈل ٹاون فٹبال اکیڈمی گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں تینوں گول دوسرے ہاف میں ہوئے، افغان کلب کی دفاعی حکمت عملی کی وجہ سے ایس ایس جی سی کی پہلے ہاف میں تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔ دوسرے میں گیس ٹیم نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی اور دونوں جانب سے عمدہ موورز بنائیں جن کے نتیجے میں محمد طاہر 59 ویں منٹ میں گول کرنے میں کامیاب ہوگئے۔صرف 6 منٹ بعد ہی محمد لال نے برتری دگنا کر دی، میچ کے آخری لمحات میں طاہر نے دوبارہ بال کو جال کو راہ دکھا دی۔دوسرے میچ میں واپڈا نے مسلم کلب کو 0۔1سے مات دی۔فاتح ٹیم نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کیے لیکن گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہوئی، بالآخر 54 ویں منٹ میں احمد فہیم نے کامیاب کوشش سے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی، بعدازاں دونوں ٹیمیں مواقع ہونے کے باوجود گول نہ کر سکیں۔