پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ ، سی اے اے نے واپڈا کو 0-2 سےجبکہ افغان کلب نے نیوی کو 2-3 سے شکست دے دی .کے آر ایل اور پی اے ایف کے درمیان میچ برابر

کراچی(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میچ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واپڈا کو 0-2 سے زیر کر لیا۔ کورنگی بلوچ فٹبال گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بھرپور حملوں کے باوجود پہلے ہاف میں واپڈا کی مزاحمت جاری رہی، بالآخر کھیل کے 56 ویں منٹ میں محمد وحید نے گول داغ کر سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برتری دلائی، انجری ٹائم میں محمد نعیم نے حریف کے دفاع میں شگاف کیا۔ کے ایم سی سٹیڈیم پر کھیلے جانے والے میچ میں کے آر ایل اور پی اے ایف کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ کے پی ٹی گراؤنڈ میں افغان کلب نے نیوی کو 2-3 سے شکست دے دی، فورسز کی ٹیم نے نویں منٹ میں بلال کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، افغان کلب کے جوابی حملوں کا نتیجہ 31 ویں منٹ میں امان اللہ کے گول کی صورت میں نکلا، دوسرے ہاف میں افغان کلب نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، عمیر یونس نے 53 ویں منٹ میں بال کو جال کی راہ دکھائی، گل محمد نے 70 ویں منٹ میں ٹیم کی برتری میں اضافہ کیا، نیوی کی جانب سے صدام خان 88 میں منٹ میں دوسرا گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔