پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ ، پی اے ایف اورکےآرایل کا میچ ایک ایک گول سے برابر ۔ واپڈا اور سی اے اے کا مقابلہ بھی2۔2 سے ڈرا ہوگیا

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں پاکستان ایئر فورس اور خان ریسرچ لیبارٹریز کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔واپڈا اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مقابلہ بھی2۔2 سے ڈرا ہوگیا۔ پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں کے آر ایل نے پاکستان ائیر فورس کے دفاع میں شگاف ڈالنے کی کوششیں جاری رکھی،بالآخر کھیل کے 43 ویں میں دانش احمد نے گول داغ دیا۔دوسرے ہاف میں ایئرفورس نے میچ میں واپسی کے لیے کوششیں جاری رکھیں بالآخر 63 ویں منٹ میں عرفان علی مقابلہ1۔1 سے برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے۔بعد میں کسی ٹیم کو گول کرنے کا موقع نہیں ملا۔دوسرے میچ میں واپڈا اور سول ایویشن اتھارٹی کی ٹیمیں پہلے ہاف میں بھرپور حملوں کے باوجود گول کرنے میں کامیاب نہ ہوئیں۔دوسرا ہاف کافی سنسنی خیز رہا۔کھیل کے 56 ویں منٹ میں محمد نعیم اور 72 ویں منٹ میں سعید نے گول کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو برتری دلائی لیکن واپڈا کے فارورڈز نے بھی ہمت نہ ہاری اور 3 منٹ بعد ہی محمد خرم نے خسارہ کم کردیا جبکہ 5 منٹ بعد محمداحمد نے بال کو جال کی راہ دکھاتے ہوئے مقابلہ 2۔2 کردیا۔ میچ کا اختتام اسی سکور پر ہوا۔