پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ ، آرمی نے ایئر فورس کو 1-2 سے ،سی اے اے نے مسلم کلب کو 1-2 سے اور واپڈا نے افغان کلب کو 0-1 سے شکست دے دی

کراچی(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں آرمی نے ایئر فورس کو 1-2 سے زیر کر لیا، کے ایم سی فٹبال سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ایئر فورس نے 23 ویں منٹ میں مجاہد کے گول کی بدولت برتری حاصل کی لیکن 4 منٹ بعد ہی آرمی کی جانب سے ظل حسنین نے گول داغ دیا، آرمی کی جانب سے فیصلہ کن گول متین نے 81 ویں میں منٹ میں کیا۔ اسی وینیو پر کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں نیشنل بینک نے سنسنی خیز مقابلے میں سوئی سدرن گیس کمپنی ٹیم پر 0-1 سے غلبہ پا لیا، فیصلہ کن گول باسط علی نے 65 ویں منٹ میں کیا۔ کے پی ٹی فٹ بال سٹیڈیم میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسلم کلب کو 1-2 سے مات دے دی، فاتح ٹیم کی جانب سے وحید نے پہلے 36 ویں اور پھر 46 ویں منٹ میں بال کو جال کی راہ دکھائی۔مسلم کلب کی جانب سے واحد گول سراج نے 78 ویں منٹ میں کیا۔ اسی وینیو پر کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں واپڈا نے افغان کلب کو 0-1 سے شکست دے دی، فاتح ٹیم کے سکور احمد فہیم تھے جنہوں نے ایک اچھی موو پر حریف کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے 84 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کے بعد پاک افغان کلب کے پاس میچ میں واپسی کا کوئی راستہ نہیں تھا