پاکستان پریمیر لیگ ، خان ریسرچ لیبارٹریز نے سخت مقابلے کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کو0۔1 سے جبکہ نیوی نے آرمی کو 1۔2 سے شکست دے دی

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) خان ریسرچ لیبارٹریز نے سخت مقابلے کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کو0۔1 سے مات دے دی۔پنجاب سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کے آر ایل نے ابتدا میں ہی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے کی بھرپور حملے کئے لیکن کے پی ٹی کے دفاعی کھلاڑی سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، کے پی ٹی کے جوابی حملے بھی کارگر ثابت نہ ہو سکے، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں کئی سنہری مواقع سے فائدہ نہ اٹھا سکیں۔ بالآخر کے آر ایل کے عمیر علی نے کھیل کے 81 ویں منٹ میں فیصلہ کن گول داغ دیا، کے پی ٹی ٹیم خسارے سے نکلنے میں ناکام رہی۔دوسرے مقابلے میں نیوی نے آرمی کو 1۔2 سے شکست دے دی، نیوی نے جارحانہ آغاز کرنے کے بعد 15 ویں منٹ میں ہی برتری حاصل کر لی جب عبدالرحمان نے بال کو جال کی راہ دکھائی۔آرمی کی طرف سے جوابی حملوں کا سلسلہ جاری رہا، بالآخر متین نے پہلا ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل گول داغ کر مقابلہ برابر کردیا۔عبدالرحمان نے 49 ویں منٹ میں دوبارہ حریف کا دفاع پاش پاش کرتے ہوئے نیوی کو برتری دلائی جو ڈیفینڈرز نے کھیل کے اختتام تک برقرار رکھی