پاکستان کلاسک فیٹ بال لیگ نومبر میں ہوگی ،شعیب ریاض کراچی اسٹارز فیٹ بال ٹیم کی تشکیل کے ٹرائلز دو مقامات پر ہونگے ،اجلاس میں فیصلہ

کراچی (سپورٹس ورلڈ نیوز)پاکستان فیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان کلاسک لیگ کا انعقاد پاکستان میں اسپورٹس ایونٹس کی نئی راہیں متعین کرے گا جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں ،پہلی پاکستان کلاسک فیٹ بال لیگ نومبر میں کراچی میں ہوگی ،یہ بات پاکستان کلاسک لیگ کے چےئر مین شعیب ریاض راٹھور نے لیگ کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کلاسک فیٹ بال لیگ میں آٹھ فرنچائز ز شریک ہونگی ،ٹیموں کی تشکیل کے سلسلے میں ٹرائلز کا سلسلہ اکتوبر میں شروع کیا جائے گا ۔ان فرنچائزرز کی تشکیل کیلئے ملک بھر کے شہروں سے کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لئے مدعو کیا جائے گا جبکہ بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑی بھی لیگ میں شرکت کریں گے جن سے بات چیت چل رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ لیگ پاکستان میں دیگر کھیلوں کے لئے نئی راہیں متعین کر کے پاکستان کا سافٹ امیچ بھر پور انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرے گی اور نیا ٹرینڈ سیٹ کیا جائے گا علاوہ ازیں اجلاس میں کراچی اسٹارز فیٹ بال کی سلیکشن کے لئے بھی معاملات فائنل کیے گئے ،کراچی فیٹ بال اسٹارز کی تشکیل کے لئے سندھ کے تمام چھ ڈویژن سے کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ ٹرائلز کراچی اور حیدرآباد میں منعقد کئے جائیں گے ،اس ضمن میں کراچی فیٹ بال اسٹارز کے منیجنگ ڈائرکٹر وحید تنویر نے ڈائرکٹرز عبدالصبور بٹ اور ذوالفقار بٹ کو ہدایات جاری کیں کہ لیگ میں بہترین پرفارمنس کے لئے کھلاڑیوں کی سلیکشن پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور با صلاحیت کھلاڑیوں کو ہی ٹیم میں شامل کیا جائے تاکہ بہترین نتائج حاصل کئے جا سکیں ۔