پاکستان ہاکیز گلوری اسکول ٹورنامنٹ ، دوسرے روز بحریہ ماڈل اسکول مجید ایس آر ای۔ون اور حنیف ایس آر ای کی فتح

کراچی، ( سپورٹس ورلڈ نیوز ) کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے زیر اہتمام دوسرے پاکستان ہاکیز گلوری اسکول ٹورنامنٹ کے دوسرے روز پہلے میچ میں بحریہ ماڈل اسکول مجید ایس آر ای۔1 نے ناصرہ پبلک اسکول کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے دونوں گول نوید نے اکیسویں اور پینتیسویں منٹ میں کیے۔ دوسرا میچ بحریہ ماڈل اسکول حنیف ایس آر ای اور قمر بنی ہاشم اسکول کے مابین کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گول کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن دوسرے کوارٹر تک مقابلہ بنا کسی گول کے برابر رہا۔اڑتیسویں منٹ میں بحریہ ماڈل اسکول حنیف ایس آر ای کے احد نے دو کھلاڑیوں کو ڈاج دے کر گیند کو جال کی راہ دکھادی۔ میچ کا یہ واحد گول ثابت ہوا اور حنیف ایس آر ای فاتح بن کر میدان سے باہر آئی۔
کل دس بجے ٹورنامنٹ کا صرف ایک میچ شمیم پبلک اسکول اور بحریہ ماڈل اسکول حنیف ایس آر ای کے مابین ہوگا۔