پاکستان ہاکیز گلوری اسکو ل ٹورنامنٹ بحریہ ماڈل اسکول مجید ایس آر ای ۔2نے شمیم پبلک اسکول کو 5-0 سے شکست دے کر فتح حاصل کی

کراچی، ( سپورٹس ورلڈ نیوز ) ہاکی کا سنہری دور اسکولوں کی سطح پر قومی کھیل کو مروج و منظم کرنے سے آئے گا۔ یہ بات کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے زیر اہتمام دوسرے پاکستان ہاکیز گلوری اسکول ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ میں قومی کھیل سے دلچسپی اسکول ہاکی کے مسلسل انعقاد سے پید ا ہوگی اور اس سلسلے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی کاوشیں قابل قدر ہیں ۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن انفرادی و اجتماعی سطح پر اس طرح کے ٹورنامنٹس اور مختلف النوع تقریبات کی سرپرستی کرتی رہے گی۔ ہاکی کی بحالی کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب متحد و منظم ہو کر غیر معمولی منصوبہ بندی اور اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایات کی روشنی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے جس کا بین ثبوت مختصر عرصے میں تواتر کے ساتھ کئی عشرے کے مقابلے میں ہاکی کی رونقیں جس طرح کراچی میں بحال کرنا ہیں اور یہی بلکہ کھلاڑیوں کے معاشی مسائل ، روزگار کی فراہمی کے ذریعے حل کرنے کی کامیاب کوشش بھی اس کی ایک کڑی ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ ہم سب مل کر ہاکی کو اس کا کھویا ہو ا مقام دلادیں گے۔ تقریب میں پی آئی ایچ سندھ کے ریجنل ہیڈ ڈاکٹر اسلم خان نے مہمان خصوصی کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین کراچی ہاکی ایسوسی ایشن گلفراز احمد خان، نائب صدر ڈاکٹر ایس اے ماجد، جوائنٹ سیکریٹری اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر جاوید اقبال ، ایگزیکٹیو کونسل کے ممبر ریاض الدین اور محسن علی، آرگنائزنگ سیکریٹری سید امتیاز الحسن، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے صدر زاہد شہاب، بانی و اعزازی سیکریٹری پروفیسر راؤ جاوید اقبال، ڈائریکٹر اکیڈمیز انور فاروقی، ڈائریکٹر اسکول ہاکی ڈیویلمپنٹ پروجیکٹ حمیرا صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایس ایم ناصر، نیشنل بینک آف پاکستان کے رستم علی اور مجاہد خان، پروفیسر عبدالکریم مغل، انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی عامر صدیقی، خالد ضیاء، زاہد محمود، آصف مظہر اور دیگر بھی موجود تھے۔
افتتاحی میچ میں بحریہ ماڈل اسکول مجید ایس آر ای ۔2نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شمیم پبلک اسکول کو 5-0 سے شکست دے کر فتح حاصل کی۔ فاتح ٹیم کے عون نے خوبصورت کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے ، سترویں، اٹھائیسویں اور تینتیسویں منٹ میں 4 گول اور بلال نے بائیسویں منٹ میں ایک گول کیا۔ فاتح ٹیم نے چاروں کوارٹرز میں کھیل پر اپنی مضبوط گرفت کو برقرار رکھتے ہوئے افتتاح میچ میں فتح کے ذریعے ٹورنامنٹ کے سفر کا شاندار آغاز کیا۔ میچ کو اصغر علی اور سہیل عباس نے سپروائز کیا ۔ کل صبح ناصرہ پبلک اسکول بحریہ ماڈل اسکول مجید ایس آر ای ۔1 اور قمر بن ہاشم اسکول بحریہ ماڈل اسکول حنیف ایس آر ای کے مدمقابل ہوں گے ۔