پروفیشنل ریسلنگ کے بادشاہ گولڈ برگ نے پاکستان آنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا ,دورہ پاکستان ممکن ہواتو میرے لیے فخر کی بات ہوگی

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پروفیشنل ریسلنگ کے بادشاہ گولڈ برگ نے پاکستان آنے میں دلچسپی کا اظہار کردیا ہے اور کہا کہ
دورہ پاکستان ممکن ہواتو میرے لیے فخر کی بات ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پروفیشنل ریسلنگ کے بادشاہ گولڈ برگ نے پاکستان آنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈبلیو ڈبلیو ای کے آفیشلز سے رابطے میں ہوں پاکستان کا دورہ ممکن ہوسکا تو میرے لئے فخر کی بات ہوگی۔ گولڈ برگ ڈبلیو ڈبلیو ای کے ورلڈ چیمپئن بھی رہ چکے ہیں۔ یاد رہے گذشتہ سال اگست میں غیر ملکی کرکٹرز، ہاکی پلیئرز کے بعد اب ڈبلیو ڈبلیو ای کے 22 ریسلر ہلک ہوگن، گولڈ برگ سمیت ریسلرز نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کی تھی۔پاکستان کے پروریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گولڈ برگ، ہلک ہوگن، رے مسٹیریو اور ویڈ بیرٹ سمیت 22 غیر ملکی ریسلرز نے پاکستان آنے پر راضی ہوگئے ہیں اور جلد ان ریسلرز سے معاہدے پر بھی دستخط ہوجائیں گے۔ خیال رہے کہ گولڈ برگ کے مداحوں کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑی تعداد موجود ہے۔ سال 2016 میں ڈبلیو ڈبلیو ای سروائیور سیریز میں روایتی حریف گولڈ برگ نے بروک لیسنر کو منٹوں میں شکست کا مزہ چکھایا تھا ، جس پر کانٹے دار مقابلے کی توقع رکھنے والے شائقین ششدر رہ گئے تھے۔