پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کو آئندہ ماہ مینز اور ویمنز ایونٹس کیلئے مختلف ممالک کے 50 کھلاڑیوں کی شرکت کی تصدیق، کیپٹن طاہر سلطان

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز)پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں آئندہ ماہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) مینز اور ویمنز سکواش ایونٹس کیلئے مختلف ممالک کے 50 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو حکومت بھرپور سیکورٹی فراہم کرے گی۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن طاہر سلطان نے بتایا کہ پی ایس اے نے پاکستان کو رواں سال دسمبر میں 50 ہزار ڈالر مینز اور 25 ہزار ڈالر ویمن سکواش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ دونوں ایونٹس 17 سے 23 دسمبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس اے 50 ہزار ڈالر مینز ایونٹ کیلئے انگلینڈ، آسٹریلیا، فرانس، مصر، ہانگ کانگ اور ملائشیا کے 28 غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے، اسی طرح ایونٹ میں مجموعی طور پر 64 ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ 50 ہزار ڈالر کے ایونٹ میں دنیا بھر کے ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے اسی طرح ہم باصلاحیت کھلاڑیوں کو ان کے مقابلے میں میدان میں اتاریں گے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آسکے۔ انہوں نے کہا کہ اور 25 ہزار ڈالر ویمن ایونٹ کیلئے بھی مختلف ممالک سے 22 غیر ملکی خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 28 ملکی و غیر ملکی خواتین کھلاڑی حصہ لیں گی۔انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے تمام ایسوسی ایشن کوہدایت کی ہے کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے اپنے اپنے شہروں میں خواتین کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کیمپ لگائے۔ پی ایس اے کے ایونٹ میں ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ایس اے ایونٹس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کرے گی جس کیلئے تمام انتظامات کو ختمی شکل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے ایونٹس کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسہ ایونٹس سے چند روز قبل شروع ہو جائے گا یہ ایونٹ قومی کھلاڑیوں کیلئے ساز گار ہوگا کیونکہ اس ایونٹ میں ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آسکتی ہے