ایتھلیٹکس : پنجاب کی روباب نے ویمنز 100 میٹر رکاوٹوں، بلوچستان کے عامر علی اور بینش نے مینز اینڈ ویمنز 400 میٹر رکاوٹوں میں طلائی تمغے حاصل کئے 

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام دوسرے قائد اعظم بین الصوبائی گیمز ایتھلیٹکس ایونٹ میں سندھ کے عبدالمید نے 100 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ جیت کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، سندھکی شفق آفرید نے ویمنز 100 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ جیتا، پنجاب کی روباب نے ویمنز 100 میٹر رکاوٹوں جبکہ بلوچستان کے عامر علی اور بینش نے مینز اینڈ ویمنز 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں طلائی تمغے حاصل کئے۔ منگل کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری قائد اعظم گیمز میں ایتھلیٹکس کے مینز 100 میٹر دوڑ کے ایونٹ میں سندھ کے عبدالمعید نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 10.92 سیکنڈز میں طے کر کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا، عبدالمعید نے گزشتہ برس بھی منعقدہ ایونٹ میں 100 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ جیتا تھا، پنجاب کے لحیق نوید نے 3 سیکنڈز کے فرق سے چاندی اور خیبرپختونخوا کے شعیب نے کانسی کا تمغہ جیتا،

ویمنز 100 دوڑ میں سندھ کی شفق آفرین نے مقررہ فاصلہ 13.26 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، پنجاب کی توراب زہرہ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہیں، انہوں نے اس بار چاندی کا تمغہ جیتا، سندھ کی عیشا آفان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، 100 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں پنجاب کی روباب نے مقررہ فاصلہ 18.60 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پنجاب کی سحرش نے چاندی اور سندھ کی جویریہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، مینز اینڈ ویمنز 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں بلوچستان کے ایتھلیٹس چھائے رہے، عامر علی نے مینز اور بینش نے ویمنز ایونٹس میں طلائی تمغے جیتے، عامر علی نے مقررہ فاصلہ 55.37 جبکہ بینش نے ایک منٹ اور 10.82 سیکنڈز میں طے کر کے بلوچستان کیلئے طلائی تمغے جیتے۔ پنجاب کے فرحان الیاس اور اوسامہ بشیر نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے جبکہ ویمنز میں پنجاب کی تحرین اور مرینا نے چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کئے۔  سندھ کے عمر سادات نے 800 میٹر، پنجاب کی صبا نے 1500 میٹر اور بلوچستان کے ناصر علی نے 5000 میٹر دوڑ میں طلائی تمغے اپنے نام کئے۔ منگل کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری قائد اعظم گیمز کے سلسلے میں ایتھلیٹکس کے مینز 800 میٹر دوڑ کے ایونٹ سندھ کے عمر سادات نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 2 منٹس اور 1.60 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ جیتا، بلوچستان کے افتخار نے چاندی اور پنجاب کے عصمت اللہ خان نے کانسی کا تمغہ جیتا، ویمنز 1500 میٹر دوڑ میں پنجاب کی صبا نے مقررہ فاصلہ 5 منٹس اور 28.94 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پنجاب کی جویریہ نے چاندی اور گلگت بلتستان کی شبانہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا، مینز 5000 میٹر دوڑ میں بلوچستان کے ناصر علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ 16 منٹس اور 08.70 سیکنڈز میں طے کر کے طلائی تمغہ حاصل کیا، اسلام آباد کے فیضان نے چاندی اور پنجاب کے ساغر نے کانسی کے تمغے حاصل کئے۔