پنجاب کے 14 سالہ محمد عمر خان نے تیسری نیشنل جونیئر انڈر۔18سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ انڈر۔21سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل 13جنوری سے ہوگا

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پنجاب کے 14 سالہ سنوکر کھلاڑی محمد عمر خان نے تیسری جوبلی انشورنس نیشنل جونیئر انڈر۔18سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا،انہوں نے لاہور کے کھلاڑی محمد مدثر شیخ کو پانچ۔دو سے شکست دیکر یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ پاکستان سنوکر فیڈریشن کے زیر اہتمام10ویں جوبلی انشورنس نیشنل جونیئر انڈر۔21سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل 13جنوری بروز ہفتہ سے پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں ہوگا ۔ وفاقی دارالحکومت میں واقع پاکستان سپورٹس کمپلکس میں منعقد ہونیوالی چھ روزہ تیسری جوبلی انشورنس نیشنل جونیئر انڈر۔18سنوکر چیمپئن شپ میں پنجاب ،سندھ،خیبر پختونخوا ،بلوچستان اور اسلام آباد کے 32کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔مذکورہ چیمپئن شپ کا فائنل لاہور کے دو کھلاڑیوں محمد عمر خان اور محمد مدثر شیخ کے درمیان کھیلا گیا ،فائنل کے پہلے فریم میں محمد عمر خان کو 62۔41سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم وہ کھیل میں واپس آئے اور انہوں نے دوسرے فریم میں 65۔42سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ ایک،ایک سے برابر کر دیا،تیسرے فریم میں محمد عمر خان نے 64۔22سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کر لی۔محمد مدثر شیخ نے چوتھا فریم 54۔42سے جیت کر میچ دو،دو سے برابر کر دیا۔بعد ازاں محمد عمر خان نے باقی تینوں فریم میں 54۔16،77۔28اور65۔16سے کامیابی حاصل کرکے مذکورہ ایونٹ کا ٹائٹل بھی حاصل کر لیا۔خیبر پختونخوا کے محمد کاشف اور محمد واجد نے فائنل میچ کو سپروائز کیا۔پاکستان سنوکر فیڈریشن کے زیر اہتمام10ویں جوبلی انشورنس نیشنل جونیئر انڈر۔21سنوکر چیمپئن شپ کا آغاز کل 13جنوری بروز ہفتہ سے پاکستان سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں ہوگا جس میں پنجاب ،سندھ،خیبر پختونخوا ،بلوچستان اور اسلام آباد کے 32کھلاڑی شرکت کرینگے۔