پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر خیبر پختون خوا ٹور ازم کارپوریشن کی جانب سے سوات کے حسین مقامات میں موٹر سائیکل ریلی کا اہتمام

سوات (سپورٹس ورلڈ نیوز) پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر خیبر پختون خوا ٹور ازم کارپوریشن کی جانب سے سوات کے حسین مقامات میں موٹر سائیکل ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ خیبر پختون خوا کے ماہر موٹر سائیکلسٹ پر مشتمل ٹیم نے سوات کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور سنگلاخ چٹانوں میں موٹر سائیکل ریلی میں شرکت کی۔ حسین نظاروں اور نئے مقامات کو دیکھنے کے شوقین ان موٹر سائیکلسٹ کا کہنا تھا کہ جنت نظیر وادی سوات کی خوبصورتی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ سوات کی وادی سیاحوں کی جنت ہے، یہاں پر پہاڑ ہیں، جنگل ہے، ندی نالے، جھیلیں اور دریا ہیں۔
سوات کے برف پوش اور بلند و بالا پہاڑ ہمیشہ سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں، یہاں پہنچنے والے موٹر سائیکلسٹ نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور ٹھنڈے ماحول کو گرمادیا۔ خیبر پختون خوا ٹورازم کارپوریشن کے جنرل منیجر سجاد حمید کہتے ہیں کہ سوات کے پہاڑی علاقوں میں ریسٹ ہاؤسز اور کیمپنگ کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، جن سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے کالام بیوٹیفیکیشن کے علاوہ کیمپنگ سائیٹس متعارف کرائی ہیں جو بشیگرام، گبین جبہ کے مقام پر ہیں، سلاٹنڈ ویلی پر بھی ہم نے ریسٹ ہاؤس اور کیمپنگ سائیٹس کھولی ہیں۔ موٹر سائیکلسٹ کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی حالت بہتر کرنے سے علاقے میں سیاحت کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔