پہلی خیبر پختونخواعبدالجلیل مرزامیموریل انٹر ڈسٹرکٹ باکسنگ چمپئن شپ اختتام پذیر، ایبٹ آباد کے کھلاڑیوں نے چمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی

پشاور(سپورٹس ورلڈ نیوز) پہلی خیبر پختونخواعبدالجلیل مرزامیموریل انٹر ڈسٹرکٹ باکسنگ چمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی ،چمپئن شپ میں ایبٹ آباد کے کھلاڑیوں نے شاندار کاکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے چمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی۔اختتامی تقریب کے موقع پر سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن پشاورشہزاد اسلم قریشی مہمانان خصوصی تھے ،جبکہ انکے ہمراہ خیبر پختونخواباکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید کمال خان ،صوبائی باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری طارق پرویز،اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ بھی موجودتھے ۔صوبائی باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خیبر پختونخوامیں باکسنگ کھیل کے فروغ کیلئے نئے ٹیلنٹ کے تلاش کیلئے اورصوبے میں باکسنگ کھیل کیلئے ساری زندگی جدوجہد کرنے والے عظیم شخصیت عبدالجلیل مرزامرحوم کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے انکے نام سے منسوب خیبر پختونخوا انٹرڈسٹرکٹ باکسنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جسمیں پشاور ،کوہاٹ،نوشہرہ،ملاکنڈ،بنوں،ایبٹ آباد،مردان،چارسدہ سمیت مختلف اضلاع سے ٹیموں نے بھر پور شرکت کی۔قیوم سٹیڈیم پشاور میں منعقدہ خیبر پختونخواعبدالجلیل مرزامیموریل انٹر ڈسٹرکٹ باکسنگ چمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ کے کھیلے گئے 81کلوگرام ویٹ کٹیگری میں کوہاٹ کے محمد حارث نے گولڈ میڈل اور ملاکنڈ کے رحیم داد نے سلورمیڈل جیت لیا۔91کے جی کے ایونٹ میں چارسدہ کے ہلال افضل نے سونے اور پشاور کے عامر سہیل نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا49کے جی میں ایبٹ آباد کے اسامہ نے گولڈاورطفیل نے سلورمیڈل لیا،56کے جی میں بنوں نے عمران اور ملاکنڈ کے ابوبکر باالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر آگئے60کے جی میں ابیٹ آباد کے بابوپرویزنے گولڈ اورمردان کا فیضان سلور میڈل ،64کے جی میں بلال (مردان)نے گولڈ،محمد صدیق (کوہاٹ)نے سلور میڈل،75کے جی میں ایبٹ آباد کے طارق آفریدی پہلے اور بنوں کے جلیل دوسرے نمبر پر رہے۔69کے جی میں ملاکنڈ کے انعام اللہ نے پہلی اوربنوں کے سبزارخان دوسرے نمبر پر رہے،جبکہ 52کے جی میں پشاور کے اسفندیار نے گولڈ اور بنوں کے فرقان نے سلور میڈل اپنے نام کرلیا۔آخرمیں مہمانان خصوصی سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن پشاورشہزاد اسلم قریشی نے نمایاں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں میں سرٹیفیکٹس اور ٹرافیاں دیں۔