چھٹی چیف آف نیول اسٹاف امیچر گالف چیمپئن شپ مارگلہ گرینز گالف کلب میں اختتام پذیر ہوگئی۔ طارق محمود ٹورنامنٹ کے فاتح قرار پائے

اسلام آباد ( سپورٹس ورلڈ نیوز) مارگلہ گرینزگالف کلب کے طارق محمود نے چھٹی چیف آف دی نیول اسٹاف امیچر گالف چیمپئن شپ 2017ء جیت لی ، جو آج مارگلہ گرینز گالف کلب میں اختتام پذیر ہوئی ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقسیمِ انعامات کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔  چیف آف نیول اسٹاف نے اپنے خطاب کے آغاز میں انعامات حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور چیمپئن شپ میں بھرپور شرکت پر ان کی تعریف کی۔ نیول چیف نے کہا کہ مارگلہ پہاڑوں کے دامن میں گالف کھیلنا ہمیشہ خوشگواراور تازگی بخش تجربہ ہوتا ہے اور ملکی گالفرز بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں کے رہائش پذیرو ں کو اس طرح کی سہولت مہیا کرنا پاک بحریہ کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ پاکستان نیوی اس طرح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کے ذریعے گالف کے کھیل کو فروغ دے رہی ہے اور یہ ایونٹ امیچر سویلین گالفرز کو مسلح افواج کے گالفر ز کے ساتھ کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ ملک کے تمام حصوں سے آئے ہوئے گالفرزکو مارگلہ گرینز گالف کلب میں کھیل سے لطف اندوز ہونے ،اسے آرام دہ اور پرلطف بنانے کے لیے انتظامی کمیٹی نے تمام سہولیات مہیا کیں ۔ نیول چیف نے تمام اسپانسرز بالخصوص ٹویوٹا موٹرز اور بحریہ فاؤنڈیشن کے تعاون کا شکریہ ادا کیااور چیمپئن شپ کی مناسب کوریج کے ذریعے ملک کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے پر ذرائع ابلاغ کا بھی شکریہ ادا کیا۔  تقریب کے اختتام پر تمام کیٹگریز بشمول امیچر، سینئرز، خواتین اور جونئیرز کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ نیٹ کیٹیگری میں بہترین امیچر کی مین ٹرا فی مارگلہ گرینز گالف کلب کے طارق محمودکو دی گئی۔  چھٹی چیف آف دی نیول اسٹاف امیچر گالف چیمپئن شپ کے تمام کیٹیگری کے نتائج درج ذیل ہیں۔

fallow  us  on  facebook   https://www.facebook.com/sportsworldpk1