چیف آف دی ایئر سٹاف ویمن سکواش چیمپئن شپ :ہانگ کانگ کی کھلاڑی اینی اواور ملائیشئن کھلاڑی سیواسنگاری سبرا مینیئم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

اسلام آباد(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ چیف آف دی ایئر سٹاف ویمن سکواش چیمپئن شپ میں ہانگ کانگ کی کھلاڑی اینی اواور ملائیشئن کھلاڑی سیواسنگاری سبرا مینیئم نے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں کھیلے جانیوالے25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے حامل اس ٹورنامنٹ کا پہلاسیمی فائنل ہانگ کانگ کی کھلاڑی اینی اواورمصر کی کھلاڑی رووان ایلاریبی کے درمیان کھیلا گیا، اس موقع پر پاکستان سکواش فیڈریشن کے سنیئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے سابق سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز موجود تھے۔ پہلے سیمی فائنل میں اینی او نے46منٹ کے ایک سخت مقابلے کے بعدمصری کھلاڑی رووان ایلاریبی کو تین ۔دو سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی۔اینی او نے پہلی گیم میں سخت مقابلے کے بعدتیرہ۔گیارہ سے کامیابی حاصل کی تاہم ایلاریبی میچ میں واپس آئی اور اس نے دوسری اور تیسری گیم میں گیارہ۔آٹھ اور گیارہ۔پانچ سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کر لی ،اینی او نے چوتھی گیمز میں گیارہ۔آٹھ سے کامیابی حاصل کرکے میچ برابر کر دیا جبکہ پانچویں اور آخری گیمز میں اینی او نے اپنی مخالف کھلاڑی ایلاریبی کواپنے شاندار کھیل کی بدولت آوٹ کلاس کردیا اور آخری گیم میں گیارہ۔دو سے کامیابی حاصل کرکے فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا۔ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلین کھلاڑی ریچیل گرینگھم اور ملائیشئن کھلاڑی سیواسنگاری سبرا مینیئم کے درمیان کھیلا گیا،اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ مہمان خصوصی تھے، ان کے ہمراہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سنیئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی، نائب صدر قمر زمان، سابق ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان اور ڈی جی پی ایس بی منصور احمد بھی موجود تھے۔دوسرے سیمی فائنل میں سیواسنگاری سبرا مینیئم نے 23منٹ کے ایک آسان مقابلے میںآسٹریلین کھلاڑی ریچیل گرینگھم کو تین۔صفر سے شکست دیدی،سبرامینیئم نے پہلی گیم میں گیارہ۔نو سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں برتری حاصل کر لی،سبرامینیئم نے اپنے جارحانہ سٹروک کی بدولت دوسری گیم میں بھی گیارہ۔سات سے کامیابی حاصل کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی، سبرامینیئم نے تیسری اور آخری گیم میں بھی اپنے شاندار کھیل کی بدولت گیارہ۔پانچ سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں بھی فتح حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنا لی۔چیف آف دی ایئر سٹاف ویمن سکواش چیمپئن شپ کا فائنل آج22دسمبر بروز جمعہ شام پانچ بجے ہانگ کانگ کی کھلاڑی اینی اواور ملائیشئن کھلاڑی سیواسنگاری سبرا مینیئم کے درمیان کھیلا جائیگا،اس موقع پر چیف آف دی ایئر سٹا ایئر چیف مارشل سہیل امان مہمان خصوصی ہونگے جوکہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرینگے۔