ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس فاٹا کے زیراہتمام انٹر سکولز فیمیل گالا پشاور میں شروع 

پشاور( سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈائریکٹر آف سپورٹس فاٹا کے زیراہتمام انٹر سکولز فیمیل سپورٹس گالا قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں شروع ہوگیا جس میں فاٹا کے مختلف سکولز کی بچیوں نے چار مختلف گیمز میں حصہ لیا ، ان مقابلوں کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹر پی ایس بی کوچنگ سنٹر پشاور ممتاز احمد ندیم نے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نازیہ زکی ، اکاؤنٹ سپرنٹنڈنٹ طارق خان ، کوچز ایوب خان اور عامراقبال سمیت دیگر اہم شخصٰات موجود تھی ۔ دوروزہ مقابلوں میں خیبرایجنسی اور مہمند ایجنسی کی مختلف سکولز کی بچیاں چار مختلف گیمز ، ایتھلیٹکس ، رسہ کشی ، بیڈمنٹن اور والی بال مقابلوں میں شرکت کررہی ہیں ۔ افتتاحی روز کھیلے گئے ایتھلیٹکس مقابلوں میں مہمند ایجنسی نے تین گولڈ چارسلور میڈلز جیت کر 35 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ، خیبر ایجنسی نے دو گولڈ تین سلور میڈلز جیت کر 25 پوائنٹس حاصل کئے اور دوسرے نمبر پر رہی ، ایتھلیٹکس کے ریلے میں خیبرایجنسی نے گولڈ میڈل جبکہ مہمند ایجنسی نے سلور میڈل حاصل کیا ۔ڈسکس تھرو میں مہمند ایجنسی کی عزرہ نے گولڈ ، خیبرایجنسی کی حراء نے سلور میڈل اور مہمند ایجنسی کی مہوش نے براؤنز میڈل حاصل کیا ۔ جیولن تھرو میں خیبرایجنسی کی آسیہ نے گولڈ ،مہمند ایجنسی کی اعزرہ نے سلور اور مہوش مہمند ایجنسی نے براؤنز میڈل اپنے نام کیا ۔ شارٹ پٹ میں مہمند ایجنسی کی عزرہ نے گولڈ میڈل، مہوش نے سلور میڈل اورآسیہ نے براؤنز میڈل اپنے نام کیا ۔ سومیٹر ریس میں خیبرایجنسی کی نادیہ نے پہلی ،سویرہ نے دوسری اور مہمند ایجنسی کی عائشہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ رسہ کشی مقابلوں میں خیبرایجنسی نے مہمند ایجنسی کو تین صفر سے شکست دی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس فاٹا محمد نواز خان نے کہا کہ ڈائریکٹر آف سپورٹس فاٹا قبائلی علاقوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین گیمز کی پروموشن پرنہ صرف بھرپور توجہ دی رہی ہے بلکہ ان کو مختلف میگا ایونٹس میں کھیلنے کے مواقع ، کھیلوں کا سامان سمیت دیگراہم سہولیات مہیا کی جارہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس گالا میں بھی خواتین کھلاڑیوں کو ڈائریکٹر یٹ کی طرف سے مکمل کٹ ، شوز اور کھیلنے کا سامان مہیا کیاگیا ہے ، انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ فاٹا یوتھ فیسٹول میں بھی خواتین کو بھرپور مواقع فراہم کئے جائینگے ۔