ڈاکٹر محمد علی شاہ اسپورٹس فیسٹیول جامشورو سینڈ والی بال ، معاذ علی اور وقار الاسلام پر مشتمل حیدر آباد شباب نے جیت لیا

کوٹری (سپورٹس ورلڈ نیوز) جامشورو والی بال ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام حیدر آباد ڈویژنل والی بال اور اولمپک اسپورٹس کمیٹی کے مشترکہ تعاون سے دریائے سندھ کے کوٹری کنارے پر ڈاکٹر محمد علی شاہ اسپورٹس فیسٹیول جامشورو کے سلسلے میں پہلی بار منعقدہ تاریخی”سینڈ والی بال” ایونٹ معاذ علی اور وقار الاسلام پر مشتمل حیدر آباد شباب نے جیت لیا ۔ فاتح جوڑی نے سیف اللہ اور انور اسلام پر مشتمل حیدر آباد فرنٹیئر کو(21-17)، (15-21) اور (15-13)سے ہرایا جبکہ ضیا ء اللہ اور سیف الرحمن پر مشتمل کوٹری قلندر نے سعادت علی اور حیدر علی پر مشتمل جامشورو شہباز کو(21-12)، (15-21) اور(15-13)سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فزیکل ایجو کیشن بھان سعید آباد کالج محمداقبال قریشی مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ہیو من رائٹس جسٹس اینڈ ڈیفینڈر آرگنائزیشن تعلقہ کوٹری کے صدر محمد یوسف باریچو اور کوٹری اسپیشل کے چیف انجینئر شاہد کاظمی اعزازی مہمان تھے جنہیں آرگنائزنگ سیکریٹری نے اجرک کے تحائف پیش کئے۔ قبل ازیں کھیلے گئے سیمی فائنلز میں حیدر آباد شباب نے کوٹری قلندر کو(11-21)اور(13-21)سے جبکہ حیدر آباد فرنٹیئر نے جامشورو شہباز کو(14-21) اور(15-21)سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ اس موقع پر شباب والی بال کلب حیدر آباد کے نائب صدر نعیم خان مہمانِ خصوصی تھے جن کی آمد پر انہیں آرگنائزنگ سیکریٹری پر ویز احمد شیخ نے خوش آمدید کہا اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔ جبکہ نعیم خان نے اپنے کلب کی جانب سے والی بال اور دیگر کھیلوں میں اعلیٰ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پر ویز احمد شیخ کو اجرک پہنائی۔ قبل ازیں دوسرے دن کھیلے گئے افتتاحی میچ میں کوٹری قلندر نے عمر فاروق اور جواد علی پر مشتمل حیدر آباد کوارٹرز کو(11-21)، (21-15) اور(11-15)سے اور حیدر آباد فرنٹیئر نے بدین شاہین کو(14-21) اور(10-21)سے شکست دی تھی۔ میچز کو فیروز گل، رضوان علی، ظہیر الدین ، ذاکر خشک اور امام علی نے سپر وائز کیا۔ اس موقع پر کامران شاہ ، بابر علی دیگر موجود تھے۔ مذکورہ ایونٹ کی تقریب تقسیم انعامات دیگر کھیلوں کے مقابلوں کے اختتام کے بعد کی جائیگی۔

 

دنیا بھر سے کھیلوں کی تازہ ترین خبریں جاننے کے لئے لائیک کریں ہمارا فیس بُک پیج سپورٹس ورلڈ پاکستان 

        https://www.facebook.com/sportsworldpk1/