کراچی نے تیسری مینز سندھ ٹگ آف وار چیمپئن شپ جیت لی ،فائنل میں لاڑکانہ کو شکست ،حیدرآباد کی تیسری پوزیشن ،کلیم ملک نے انعامات تقسیم کیے

کراچی (اسپورٹس ورلڈ نیوز) کراچی نے تیسری آل سندھ مینز ٹگ آف وار چیمپئن شپ ناقابل شکست رہتے ہوئے جیت لی۔فائنل میں میزبان لاڑکانہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ،دفاعی چیمپئن بے نظیر آباد سیمی فائنل میں بھی جگہ نہ بنا سکی ،لاڑکانہ کے زیبسٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ چیمپئن شپ میں سندھ کے تمام چھ ڈویژن شریک تھے ۔لاڑکانہ ٹگ آف وار ایسوسی کے زیر اہتمام اور سندھ ٹگ آف وار ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی جاری چیمپیئن شپ کی ختتامی تقریب کے موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی سید اقبال بابو، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نعمان صدیقی،سندھ کے سیکریٹری جاویداقبال بیگ، حیدرآباد کی سیکریٹری عائشہ ارم، لاڑکانہ کے سیکریٹری و آرگنائزنگ سیکریٹری عقیل احمد لاڑک، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر شاہ میر عباسی،چیف ٹیکنیکل آفیشل عظمت پاشا،پرویز احمد شیخ،شفقت مکانی ،اکبر علی قائمخانی،ظفر اللہ بروہی،غلام مرتضیٰ ڈھوٹ اور دیگربھی موجود تھے۔فائنل میں سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل کراچی نے اپنے سے کئی گنا طاقت ور حریف لاڑکانہ کو 2-0سے مات دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا،کراچی کے کھیل کی خاص بات یہ تھی کہ کراچی نے چیمپئن شپ میں کوئی بھی سیٹ نہیں ہارا ،دوسری جانب دو بار کی چیمپئن بے نظیر آباد کی ٹیم اس بار پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوئی ،اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں حیدرآباد نے میر پور خاص کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد2-1سے زیر کر کے پہلی بار تیسری پوزیشن حاصل کی،سیمی فائنل مقابلوں میں کراچی نے حیدرآباد اور لاڑکانہ نے میر پور خاص کو زیر کیا تھا ۔مہمان خصوصی اے ایس پی لاڑکانہ کلیم ملک نے کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ٹرافی دی اور میڈلز پہنائے۔ایونٹ کے میچز کو شاہ میر عباسی،محمد ندیم،محمد اختر، ظہیر الدین مگسی اور ظفراللہ بروہی نے سپروائز کیا۔اس موقع پر تمام ڈویژنز کے سیکریٹریز عائشہ ارم، محمد کلیم خان، انوارالحق،منصور علی اور دیگر ٹیم آفیشلز بھی موجود تھے۔