کر کٹ : جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 303 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، قومی ٹیم کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف مل گیا

جوہانسبرگ (سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلی جا رہی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 303 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جس کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف ملا ہے۔ میزبان ٹیم نے تیسرے روز 5 وکٹوں پر 135 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو ہاشم آملہ 42 اور کوائنٹن ڈی کوک 34 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

ہاشم آملہ کی اننگز کا خاتمہ 70 رنز پر ہوا جس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹیمبا باووما 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ میزبان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کوائنٹن ڈی کوک نے شاندار کھیل پیش کیا اور 129 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔ فلینڈر 14، کگیسو رابادا 21 اور اولیوئیر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے 3،3، محمد عامر 2 جب کہ حسن علی اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بناسکی تھی۔