کوئی میرے بارے میں کیا سوچتا ہے اور کیا کہتا ہے مجھے اس کی پرواہ نہیں کیو نکہ میرا کام اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور پرفارم کرنا ہے : اسد شفیق

ابوظہبی(سپورٹس ورلڈ نیوز ) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز اسد شفیق نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی میرے بارے میں کیا سوچتا ہے اور کیا کہتا ہے مجھے اس کی پرواہ نہیں کیو نکہ میرا کام اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور پرفارم کرنا ہے جو میں کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز 104 رنز بنانے والے قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اسد شفیق کا کہنا تھاکہ اختتامی بلے باز زیادہ رنز نہ بنا سکے تاہم ابھی میچ میں دو دن باقی ہیں اور کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کو کم سے کم اسکور تک رکھیں کیوں کہ ابوظہبی میں چوتھی اننگز کھیلنا ہرگز آسان نہیں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اظہر کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے ، یونس خان اور مصباح الحق کے جانے کے بعد ان پر اور اظہر علی کے کندھوں پر جو ذمہ داری پڑی ہے، اسے وہ نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں اسد شفیق نے کہا یونس اور مصباح بھائی جیسا تو کوئی نہیں، البتہ بابر اعظم اور حارث سہیل کو آپ سراہ سکتے ہیں کیوں کہ وہ مسلسل رنز کر رہے ہیں۔