کینن فوم چیلنج کپ ،سیمی فائنل ،فائنل اور سجال کا نمائشی میچ مون سون کے بعد کروانے کا اعلان

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز)گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے زیر اہتمام جاری پہلے کینن فوم چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس پیٹرن انچیف شیخ محمدابراہیم کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں کمیٹی کے تمام اراکین نے شرکت کی ۔سیکرٹری شہبازعلی نے اجلاس میں ٹورنامنٹ کے اب تک ہونے والے میچز کی رپورٹ پیش کی جس پر تمام اراکین نے اطمینان کا اظہا ر کیا ۔اجلاس میں ٹورنامنٹ کے باقی میچز کے انعقاد کی تاریخوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دھرمپورہ جم خانہ اور مغلپورہ جم خانہ کے درمیان ٹورنامنٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل کے علاوہ دونوں سیمی فائنل اور فائنل مون سون کے بعد اگست کے آخری ہفتے میں کروائے جائیں گے ۔پیٹرن چیف شیخ محمدابراہیم نے ٹو رنامنٹ کے 54میچوں کے شاندار انعقاد پر ٹورنامنٹ کمیٹی کو مبارک باد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل کے ساتھ ساتھ لاہور کے سپورٹس صحافیوں کی تنظیم سجال کے لئے اعلان کردہ میچوں کا انعقاد شایان شان انداز میں کیا جائے۔ شیخ محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ جس طرح لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کی تمام کلبوں نے بڑھ چڑھ کر ٹورنامنٹ میں حصہ لیا وہ قابل تعریف ہے انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن میں دیگر دوزونز کی ٹیموں کو بھی شامل کیا جائے گا اور کوشش ہو گی کی اس ٹورنامنٹ کا ہرسال تسلسل انعقاد کیا جائے۔اس موقع پر گولڈن سٹار کرکٹ کلب کے صدر واصف زمان کا کہنا تھا کہ کینن فوم چیلنج کپ کے انعقاد سے ایسٹ زون میں کوالٹی کرکٹ کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملی ہے اس ٹورنامنٹ میں چند باصلاحیت کھلاڑی بھی سامنے آئے ہیں جوکہ مستقبل میں نہ صرف ایسٹ زون بلکہ لاہور اور پاکستان کے لئے کھیلتے دکھائی دیں گے ۔ٹورنامنٹ کمیٹی کے اہم رکن شفیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ ایک آغاز ہے آئندہ ایڈیشنز میں دوسرے دوزونز کی ٹیمیں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے
۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات دئیے جائیں گے ۔