کینیڈین کبڈی چیمپئنز لیگ جو لائی اور اگست میں کینیڈا میں کھیلی جائے گی، 20پاکستانی کھلاڑی مدعو کئے ہیں : سنتوش سنگھ

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز)کینیڈا کبڈی ایسوسی ایشن جولائی سے اگست کے درمیان کینیڈا میں کبڈی چیمپیئن لیگ منعقد کرے گی جس میں پاکستان کے 20کبڈی پلیئرز شرکت کریں گے۔ کینیڈین کبڈی چیمپئین لیگ میں مجموعی طور پر 6ٹیمیں بنا کر انہیں مختلف فرنچائزز کو فروخت کیا جائے گا۔ یہ بات کینیڈین کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری سنتوش سنگھ نے گذشتہ روز ’’سپورٹس ورلڈ پی کے ڈاٹ کام ‘‘کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس لیگ کے لئے بھارت سے 40، پاکستان سے 20، ایران سے 3 کھلاڑیوں کے علاوہ برطانیہ، فرانس اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لیگ کے ڈراز اور ٹیموں کا اعلان ماہ جون کے آخر تک کھلاڑیوں کی شرکت کی کنفرمیشن کے ساتھ ہی کر دیا جائے گا۔ سنتوش سنگھ نے جو کہ کینیڈین کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ہونے کے ساتھ ساتھ ’’کھیڈنسار‘‘ کے نام سے ایک میگزین کے منیجنگ ایڈیٹر بھی ہیں نے بتایا کہ اس چیمپئین لیگ کے انعقاد کا مقصد مغربی ممالک میں کبڈی کے کھیل کو وسعت دینا اور دیسی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرناہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں کبڈی کا کھیل بے حد مقبول ہے اور دیسی لوگوں کے ساتھ ساتھ گورے بھی اسے دیکھنا بے حد پسند کرتے ہیں۔
26c287a5-f6cb-4ade-ade6-97467222b6c7
انہوں نے اپنے پاکستان آنے کے مقصد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سیکرٹری پاسکتان کبڈی رانا سرور کی دعوت پر ایشین کبڈی ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لئے پاکستان آئے تھے اور انہوں نے اسے بہت انجوائے کیا۔ سنتوش سنگھ کا کہنا تھا کہ کبڈی کا کھیل ہندوستان اور پاکستان میں ہی رہنے والوں کو نہیں بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے ایشیائی باشندوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کی روایتی مہمان نوازی سے خوش ہیں اور اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ پاکستان میں سیکورٹی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ایسے ہی گھومتے ہیں جیسے کینیڈا اور بھارت میں انہیں کہیں کوئی سیکوٹری مسئلہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے کھلاڑیوں کو بھی پاکستان آنا اور یہاں آ کر کھیلنا چاہیے کیونکہ پاکستان کے لوگ انتہائی پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے ہیں۔

08253721-c680-45bd-a304-b2b255d41e51