ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام 41 ویں انٹر یونیورسٹی وومن اتھلیٹکس چیمپئین شپ شروع ہو گئی

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز)ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام 41 ویں انٹر یونیورسٹی وومن اتھلیٹکس چیمپئین شپ واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہو گئی ہیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی ان مقابلوں میں میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ چیمپئین شپ میں پاکستان بھر سے 17 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر ظفر اقبال بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر زسپورٹس زبیربٹ ، طاہرہ، سپورٹس آفیشلز، مینیجرز اور خواتین کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھیلوں کے پہلے دن سومیٹر ریس، چار سو میٹر ریس، پندرہ سو میٹر ریس، پانچ ہزار میٹر ریس ، سو میٹر ریلے ریس، شاٹ پٹ اور لانگ جمپ کے مقابلے ہوئے جس میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سو میٹر ریس میں اقراء یونیورسٹی کراچی کی شفق آفرین پہلی پوزیشن حاصل کر کے تیز ترین اتھلیٹ قرار پائیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی کی تراب زہرا نے دوسری اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی نادیہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سو میٹر ریلے ریس میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔