ہاکی : وقت کم اور مقابلہ سخت ہے ،ایشین گیمز اور ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی تیاری امتحان سے کم نہیں ,سُرخرو ہونے کے لئے اپنا بیسٹ دیں گے : قومی ہاکی کوچ محمد ثقلین

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) قومی ہاکی ٹیم کے اسٹنٹ کوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے رواں سال انڈونیشیا میں کھیلے جانے والے ایشین گیمز اور بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے مناسب وقت ہے نئی  قومی ہاکی ٹیم مینجمنت کی کوشش ہوگی کہ بغیر وقت ضائع کئے قومی ٹیم کی تیاری کے لئے بھر پور اور مصروف شیڈل بنا کر انکے فٹنس لیول کو بہتر بنانے کے ساتھ انکی تکنیکی مہارت پر کام کیا جائے، محمد ثقلین قومی ہاکی ٹیم کے کوچ مقرر ہونے کے بعد سپورٹس ورلڈ پی کے ڈاٹ کام سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ تو نہیں کہیں گے ایشین گیمز اور ہاکی ورلڈ کپ کے لئے ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن اتنا ضرور کہیں گے وقت کم اور مقابلہ سخت ہے یا اب ہمارے پاس وقت نہیں ہے ۔ ہمیں اپنی حکمت عملی فوری طور پر تیار کر کے اس کو بہتر انداز میں عمل میں لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حسن سردار  جیسے سینئر اور تجربہ کا ہیڈ کوچ کی نگرانی میں وہ اپنے ساتھی کوچ ریحان بٹ کے ساتھ ملکر اپنا بیسٹ دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے حوالے سے پی ایچ ایف سے مشاورت کے بعد جلد فیصلہ کر لیا جائے گا۔  محمد ثقلین نے ورلڈ الیون کے پاکستان آنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ورلڈ الیون کے ساتھ میچز کے انعقاد سے نہ صرف پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا بلکہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو دنیا کے نامور کھلاڑیوں پر مشتمل ایک ٹیم کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات اور عالمی سطح پر ہمارے خلاف محاز آرائی کے دور میں عالمی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا پاکستان آنا اور کھیلنا بذات خود پی ایچ ایف اور پاکستان کی سپورٹس ڈپلو میسی کی بڑی کامیابی ہے۔