ہاکی کی ترقی اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا :ولی محمد اچکزئی

کوئٹہ (سپورٹس ورلڈ نیوز) ہاکی کی ترقی اور نوجوان نسل کو کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کیلئے بھر پور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہارپروجیکٹ ڈائریکٹر کیسکو ولی محمد اچکزئی نے دوسرے آل کوئٹہ علی احمد شہید انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ 2018 کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ٹورنامنٹ بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن اور فزیکل ٹیچرز ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت منعقد کیا گیا جسمیں کوئٹہ کے سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں نے شرکت کی ۔ اختتامی تقریب میں پرنسپل فزیکل ایجو کیشن کالج کوئٹہ ذولیخہ ، بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن کے عہدیداران ، چیئرمین ٹورنامنٹ اشرف بنگلزئی ، وائس چیئرمین عبدالغفار مینگل ، آرگنائزنگ سیکریٹری کامران صابر ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر محمد علی شاہوانی ، اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر احسن جلیل ، بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل امجد ستی ، صدر ڈسٹرکٹ ہاکی ایسو سی ایشن کوئٹہ یاسر فہیم اور اسکولوں کے بچے اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ولی محمد اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن صوبے میں ہاکی کے فروغ کیلئے جو بھی اقدامات اٹھارہی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں اور ایسو سی یشن کے عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسو سی ایشن اپنی مدد آپ کے تحت جو بھی اقدامات اٹھارہی ہے وہ صرف اور صرف ہماری نوجوان نسل کی بھلائی اور انہیں کھیلوں کے بہترین اور صاف ماحول کی فراہمی کیلئے ہیں ہم ان کے ساتھ مل کر بھر پور انداز میں ان کی مدد او ر تعاون فراہم کرنا ہوگا ۔ انہوں نے ایسو سی ایشن کے چیئرمین نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی ، صدر حاجی محمد اسماعیل گجر ، ایسو سی ایشن کے سیکریٹری جنرل امجد ستی اور عہدیداران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مددآپ کے تحت اس قسم کے ایونٹس کا انعقاد صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور ہماری نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کیلئے ناگزیر ہیں ۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ کے سلسلے میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے تعمیر نو ہائی اسکول اور کچلاک ہائی اسکول کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیا جو یہ شاندار میچ اختتام تک برابر رہا ۔ تعمیر نو ہائی اسکول نے یہ شاندار میچ پیلنٹی سٹروکس پر جیت کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ بعد ازاں ٹورنامنٹ کاشاندار فائنل میچ کلی گل محمد ہائی اسکول اور ٹیکنیکل ماڈ ل اسکول کے مابین کھیلا گیا جو کلی گل محمد ہائی اسکول نے 4-1 سے جیت کر چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔ میچ سے قبل مہمان خصوصی پروجیکٹ ڈائریکٹر کیسکو کوئٹہ ولی محمد اچکزئی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ آخر میں مہمان خصوصی نے رنر ، ونر اور دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔