ہمارے باڈی بلڈرز باصلاحیت ہیں، عالمی ٹائیٹلز جیت سکتے ہیں : ذوالفقار احمد گھمن

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقاراحمد گھمن نے کہا ہے کہ باڈی بلڈنگ کے میدان میں ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ ہے اور نوجوانوں میں بھرپور صلاحیتیں ہیں اور وہ عالمی ٹائیٹل بھی جیت سکتے ہیں لیکن باڈی بلڈرز کے سٹیرائیڈز کے استعمال سے ان کی صحت اور کھیل پر منفی اثر پڑتا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اس حوالے سے کام کررہا ہے ،باڈی بلڈرز کو اس کے استعمال کے نقصانات سے مکمل آگاہی دیں گے، باڈی بلڈنگ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں باڈی بلڈنگ سیالکوٹ کے چیمپئن اورگجو کلاسک چیمپئن حسنین احمد حان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، حسنین احمد حان نے ڈی جی سپورٹس پنجاب سے ڈی ایس او سیالکوٹ عمران بٹ کے ہمراہ ملاقات کی، ذوالفقار احمد گھمن نے مزید کہا کہ ہمارے کئی نوجوانوں نے باڈی بلڈنگ کے عالمی مقابلے جیتے ہیں، ہمارے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں ان کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کیلئے باڈی بلڈرز کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، انہوں نے حسنین احمد حان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دس ہزار روپے دیئے اور ڈی ایس او سیالکوٹ عمران بٹ کو ہدایت کی کہ وہ حسنین احمد حان کا اعزازیہ بھی مقرر کریں، ملاقات کے دوران حسنین احمد حان نے بتایا کہ وہ چیمپئین سیالکوٹ بننے کے بعد مسٹر پنجاب کا ٹائیٹل جیتنے کیلئے تیاری کررہے ہیں اور انشاء اللہ مسٹر پنجاب کا ٹائیٹل جیتنے کے بعد عالمی مقابلوں کی تیاری کروں گا،حسنین احمد حان نے حوصلہ افزائی پر ڈی جی سپورٹس پنجاب کا شکریہ ادا کیا،ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے حسنین احمد حان کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ہر طرح سے تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کہ حسنین احمد حان ملک کا نام روشن کریں گے۔