وقار یونس کی پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران خان کو مبارکباد

اسلام آباد  (سپورٹس ورلڈ نیوز)  پاکستان کے سابقہ فاسٹ باﺅلر وقار یونس نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مبارکباد پیش کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر عمران خان کو ٹویٹ کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ کچھ لوگ کامیاب ہو جاتے ہیں کیونکہ انہوں نے منزل کی خواہش کی ہوتی ہے لیکن کپتان، تمہاری کامیابی تمہارے یقین اور حوصلے کی مرہون منت ہے۔ سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں آج پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا ہے۔اسی فیصلے کے تناظر میں وقار یونس نے عمران خان کو مبارکباد دی۔ وقار یونس پاکستان کی ٹیسٹ اور محدود اوور کی کرکٹ کے کپتان رہ چکے ہیں اور پاکستان ٹیم کے کوچ کے بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ واضح رہے وقار یونس نے عمران خان کی کپتانی میں 1989میں ڈیبیو کیا تھا۔