گالف : بائیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 17تا 20اگست کراچی گالف کلب میں کھیلی جا ئے گی

کراچی  (سپورٹس ورلڈ نیوز)  بائیسویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 17تا 20اگست کراچی گالف کلب میں کھیلی جارہی ہے۔ اس بات کا اعلان پیٹرن پی این گالف کموڈور ثاقب جمیل نے ایک میڈیا بریف کے دوران کیا جو آج کراچی گالف کلب میں منعقد کی گئی ۔ کمانڈرکراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار ،  یو ایم اے کے چیف ایگزیکٹو سہیل شمس اور تعاون کرنے والے دیگر اداروں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔  چیمیئن شپ کے دوران پروفیشنلز ، سیمی پروفیشنلز، امیچرز، ویٹرنز، جونئیرز اور لیڈیز کی کیٹیگریز کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ پروفیشنلز اور امیچرز کیٹیگریز کے مقابلے 72ہولز پر مشتمل ہوں گے جو چا ر روز تک جاری رہیں گے جس کے لیے 70لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ علاوہ ازیں خواتین اور کراچی گالف کلب کے سیمی پروفیشنل کھلاڑیوں کے 36ہولز پر مشتمل مقابلے بھی 10 اور11اگست کو منعقد کیے جائیں گے جس کے لیے بالترتیب پانچ لاکھ اور ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم علیحدہ سے مختص کی گئی ہے۔ مزید برآںتما م کیٹیگریزکے لیے دیگر کئی انعامات رکھے گئے ہیں۔

وطن ِعزیز کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے بنیادی فریضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے سماجی بہبود، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی ہمیشہ ایک موثر کردار ادا کیا ہے۔ ان اہم ذمہ داریوں کے علاوہ پاکستان نیوی نے مختلف کھیلوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نیوی نے انٹر سروسز ، قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلوں بالخصوص کشتی رانی، شوٹنگ، اسکواش، ہاکی ، کرکٹ اور گالف کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔    پاکستان نیو ی ملک کے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی اہمیت سے ہمیشہ آگاہ رہی ہے اور بلا شبہ اپنی ان کاوشوں پر فخر کرسکتی ہے جو اس نے قومی کھیل ہاکی کو پھر سے مقبول بنانے کے لیے کی ہیں۔ دیگر کھیلوں کے علاوہ گالف بھی ان کھیلوں کی فہرست میں شامل ہے جن کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کام کررہی ہے۔

پاکستان نیوی نے 1995ءمیں پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں قومی سطح کی ایک اور گالف چیمئین شپ کے اضافے کے لیے چیف آف نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا آغاز کیا۔ اس وقت سے یہ چیمپئن شپ قومی گالف سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم حصہ بن چکی ہے۔ چیمیئن شپ کا باقاعدہ انعقاد اس کھیل کو قومی سطح پر فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان نیوی کے عزم کا مظہر ہے۔