پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں ہونے والے ٹی 20 میچ کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز)  پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں ہونے والے ٹی 20 میچ کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا ہے۔میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کے پہلے مرحلے میں سات انکلوژرز کے ٹکٹ آن لائن دستیاب ہوں گے جن کی قیمت ورلڈ الیون کے دورے کے دوران کھیلے گئے میچز کی نسبت کم رکھی گئی ہے۔ نجی ٹی وی جیونیوز  کے مطابق وسیم اکرم انکوڑر کے لیے ٹکٹ کی قیمت 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جو کہ اس سے قبل 8 ہزار روپے تھی۔ اسی طرح عمران خان اور فضل محمود انکلوڑرز میں ٹکٹوں کی قیمت 6 ہزار روپے سے کم کرکے 3 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔عبدالقادر، اے ایچ کاردار، جاوید میانداد اور راجاز انکلوڑرز کے ٹکٹوں کی قیمت 15 سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ ورلڈ الیون کے دورے کے دوران ان انکلوڑرز میں ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے تھے۔مذکورہ انکلوڑرز کے علاوہ دیگر انکلوڑرز میں ٹکٹوں کی فروخت جمعہ سے شروع ہو گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں سری لنکن ٹیم سے متحدہ عرب امارات میں اپنی ہوم سیریز کھیل رہی ہے۔سری لنکا کی ٹیم تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گی جس کی تصدیق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز (پیر) کو کی تھی۔