عثمان خان شنواری کو عمدہ کارکردگی کیلئے ”زور“ لگانا مہنگا پڑ گیا یا نظر لگ گئی ؟ ڈاکٹرز نے چھ ماہ تک کر کٹ کے میدان سے دور رہنے کی ہدایت کر دی

لاہور (سپورٹس ورلڈ نیوز) سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچ میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے لوگوں میں مقبولیت حاصل کرنے والے عثمان خان شنواری کو عمدہ کارکردگی کیلئے ”زور“ لگانا مہنگا پڑ گیا ہے کیونکہ وہ شدید ترین فٹنس مسائل کا شکار ہونے پر 4 سے 6 ماہ کیلئے کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شنواری کمر کی پرانی تکلیف میں مبتلا ہو گئے جس پر پی سی بی کے میڈیکل پینل نے ان کی کمر کا سکین کرایا۔ ٹیم انتظامیہ نے یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر ان کی کمر کی تکیف پہلے جیسی ہوئی تو انہیں لمبے عرصے کیلئے کرکٹ سے دور رہنا پڑ سکتا ہے اور یہ خدشہ درست ثابت ہوا ہے۔  ذرائع کے مطابق کمر کے سکین کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ عثمان خان شنواری سٹریس فریکچر کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث وہ 4 سے 6 ماہ کیلئے کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔
عثمان خان شنواری اب قائداعظم ٹرافی کے میچوں میں حصہ لے سکیں گے اور نہ ہی وہ نیشنل ٹی 20 کپ کھیل سکیں گے جبکہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ شارجہ میں پانچویں ون ڈے انٹرنیشنل میں عثمان شنواری نے عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے 34رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ فاٹا سے تعلق رکھنے والے عثمان شنواری نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں بھی 20 رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے تھے اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔