لاہور میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اولمپک ایسوسی ایشن آف ایشیا کے زیر اہتمام 18 ویں ایشین گیمز کے سلسلہ میں پہلے فن رن کا انعقاد

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اولمپک ایسوسی ایشن آف ایشیا کے زیر اہتمام 18 ویں ایشین گیمز کے سلسلہ میں پہلے فن رن کا انعقاد پاکستان کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں منعقد ہوا۔ واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والی تقریب میں سکولز و کالجز کے طلبہ طالبات سمیت کھلاڑیوں اور کھیلوں کیے مختلف تنظیموں کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ او سی اے کا تین رکنی وفد جس میں میڈیا مینجر جینز زاو جین، مس ایلینا ہریسٹوا چکاروا ، زاہد حفیظ جن کا تعلق کویت سے ہے بھی موجود ۔ تقریب کے مہمان خصوصی واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر عامر احمد تھے جبکہ اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن، حاجی شفیق، نائب صدر پی او اے شوکت جاوید، نائب صدر پی او اے چوہدری محمد یعقوب، سیکرٹری پی او اے حاجی خالد محمود، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر، اولمپیئن منظور الحسن، حافظ عمران بٹ، پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ، محمد جہانگیر، عندلیب، فوزی خواجہ، ارشد ستار، رانا محمد سرور، ثقلین ظہور راجہ، افتخار ملک، عمبرین ملک، طیب سہیل، ندیم، وقار علی سمیت بڑی تعداد موجود تھی۔ فن رن کے موقع پر او سی اے کے میڈیا مینجر جینز زاو جین اولمپک کونسل آف ایشیا کے صدر شیخ احمد الفہد الصبا کا جکارتہ پلمبنگ میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز کے حوالے سے پیغام پڑھ کر سنایا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پلمبنگ 18 ویں ایشین گیمز کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ 18 اگست سے شروع ہونے والے ان مقابلوں میں45 ایشین ممالک کے دس ہزار اتھلیٹ 40 کھیلوں میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔ ایشین گیمز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے 28 ممالک میں فن رن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سب سے پہلی بار اس فن رن کا انعقاد پاکستان سے ہوا رہا ہے۔ جس کے لیے این او سی پاکستان کی جانب سے شاندار تقریب کے انعقاد پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن اور سیکرٹری خالد محمود مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واپڈا کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے تقریب کی میزبانی کے فرائض انجام دیئے جنہوں نے شاندار تقریب کی۔ قبل ازیں واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر عامر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بہت زیادہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ ہمارے اس وقت 32 ٹیمیں قومی سطح کی نیشنل کھیلوں کی چیمپیئن ہیں جبکہ حال ہی میں ہمارے دو ریسلر ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈیل جیت چکے ہیں۔ مستقبل میں بھی ہمارے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔ انہوں نے جنرل عارف حسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا اور آئی او سی میں پاکستان کے لیے بڑی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان کو فن رن کی میزبانی ملی ہے۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے تقریب کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں میں اچھا مقام حاصل کر سکتا ہے اس کے لیے حکومت کو اصل کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے، غیر ملکی ٹیموں کو یہاں آنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر بچوں اور کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداران کو خصوصی سرٹیفیکٹس اور شیلڈ پیش کی گئیں۔