پی ایچ ایف نے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت سے 8 کروڑ کی مالی امداد کی درخواست کردی :شہباز سینئر

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے اور تربیتی کیمپ لگانے کے لئے حکومت سے 8 کروڑ کی مالی امداد کی درخواست کردی ہے۔ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر سے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی پروگرام ہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ میں پرفارمنس پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے سیکر ٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر آج یہاں لاہور میں میڈیا کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے ، انہوں نے بتا یا کہ پی ایچ ایف نے فنڈز کی فراہمی کے لئے حکومت کو باقاعدہ طور پر تحریری درخواست کی ہے اور اس سے اپیل کی ہے کہ گرانٹ ایک ہفتہ کے اندر اندر جاری کی جائے. پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر نے گفتگو کرتے ہوئے مذید بتایا کہ حکومت سے براہ راست گرانٹ مانگنے کی وجہ وقت کی کمی ہے کیونکہ ورلڈکپ میں ٹیم نہ گئی توجرمانہ ہوگا اور بدنامی بھی۔ شہباز سینئر نے کہا کہ محمد ثقلین اور حسن سردار تنازع پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ہاکی لیگ کے لیے کل سے باقاعدہ کام شروع ہو جائے گا، انٹرنیشنل ٹیموں کے لیے مختلف ممالک کو کہا ہے ایک ہفتے میں جواب آئے گا۔