ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیت کر مسلسل 11 میچ ہارنے کی ’نحوست‘ ختم کریں گے۔ دبئی میں ون ڈے ٹرافی کی رونمائی کے بعد سرفراز احمد کی میڈیا سے گفتگو

ابوظہبی (سپورٹس ورلڈ نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پرامید ہیں کہ وہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیت کر مسلسل 11 میچ ہارنے کی ’نحوست‘ ختم کریں گے۔ پاکستان نے ٹی 20 سیریز میں نیویز لینڈ کو 0-3 سے شکست دی اور دونوں ٹیمیں ون ڈے سیریز کیلئے تیار ہیں جس کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز سے قبل آج یہاں دبئی میں ون دے ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سے مسلسل ہارنے کا سلسلہ روکنا بہت ضروری ہے اور اس کیلئے ہمیں اپنی کارکردگی میں بہت بہتری لانا ہو گی۔

نیوزی لینڈ نے 2014ءمیں پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 2-3 سے شکست دی تھی جس کے بعد 2015ءمیں کھیلے گئے 2 میچوں میں بھی پاکستان کو شکست ہوئی اور پھر 2016ءمیں کھیلے گئے دو میچوں میں شکست کے بعد رواں سال جنوری میں پانچ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا اور یوں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں مسلسل11 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ہار پاکستان کا مقدر بنی۔ کپتان سرفراز احمد نے ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ماضی کی شکستوں کو دیکھیں تو زیادہ تر میچ نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے جہاں کنڈیشنز مختلف تھیں اور ہم اپنے ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے باعث ہار گئے اور اسی شعبے میں ہمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ بہترین ٹیم ہے لیکن ہم ٹی 20 سیریز سے جیت کا مومینٹم لا رہے ہیں اس لئے ہمیں یہ سیریز بھی لازمی جیتنی ہے جس سے ہمیں ورلڈکپ کی تیاری میں بھی بہت مدد ملے گی۔