پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز، کیویز نے ٹیم پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے دی ،267 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 219 رنز پر ڈھیر

ابوظہبی (سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان یواے ای میں ہونے والی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو 47 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کر لی ہے . شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے 267 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری پاکستانی ٹیم 47.2 اوورز میں 219 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی . پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جوڑی کوئی کمال نہ کرسکی اور گرین شرٹ کی پہلی وکٹ فخر زمان کی گری جو ایک رنز بناکر ٹرینٹ بولڈ کا شکار بنے۔

ٹرینٹ بولڈ کی اگلی ہی گیند پر بابر اعظم سلپ پر روس ٹیلر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد نئے آنے والے محمد حفیظ بھی پہلی ہی بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور ٹرینٹ بولڈ نے کیرئیر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ شعیب ملک اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کا اضافہ کیا تاہم 71 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 34 رنز بناکر فیروگسن کا شکار بنے۔ مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جنہیں گرینڈ ہوم نے آؤٹ کیا جب کہ پاکستان کی چھٹی وکٹ 85 رنز پر گری اور شاداب خان 7 رنز بناکر سودھی کا شکار بنے۔ قبل ازیں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے 13 رنز جوڑے تو جارج وارکر ایک رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 36 جب کہ تیسری وکٹ 78 رنز کے مجموعے پر گری۔ کیویز وکٹ کیپر ٹام لیتھم اور راس ٹیلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے اور اسکور 208 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر محسوس ہو رہا تھا کہ نیوزی لینڈ باآسانی 300 رنز کا ہندسہ عبور کر لے گی لیکن ٹام لیتھم 41 ویں اوور کی دوسری گیند پر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اسی اوور میں شاداب نے نئے آنے والے ہنری نیکولز اور کولن ڈی گرینڈھوم کو آوٹ کردیا۔ نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 210 رنز پر اس وقت گری جب راس ٹیلر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 252 اور نویں 254 رنز پر گری لیکن آخری وکٹ آخری 7 گیندوں پر 12 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 266 تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور شاداب خان نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کیا تھا۔