کھلاڑیوں کے کریئر میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں ،فخر زمان پر مکمل اعتماد ہے ،امید ہے باقی دو میچوں میں اچھا کھیل پیش کریں گے: کپتان سرفراز احمد

دبئی (سپورٹس ورلڈ نیوز) قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے باقی دو میچوں میں اچھی کارکردگی کی امید کا اظہار کیا ہے ۔ وکٹ کیپر کپتان کا کہنا ہے کہ فخر زمان کو اب کوئی انجری نہیں وہ مکمل فٹ ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کہتے ہیں کہ کھلاڑی کے کریئر میں اس قسم کے اتار چڑھاؤ آتے ہیں، ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ دورہ زمبابوے میں فخر نے شاندار کھیل پیش کیا تھا۔ دورہ زمبابوے کے پانچ ون ڈے میچوں میں اس سال 2 سنچریوں کے ساتھ فخر زمان نے 515 رنز بنائے تھے، بالخصوص اس سال 20 جولائی کو میزبان ٹیم کے خلاف بلاوایو میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں فخر نے 221 گیندوں پر ناقابل شکست 210 رنز بنا کر ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ تاہم رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران فخر زمان پانچ ون ڈے میچوں میں صرف 56 ہی رنز بنا سکے تھے۔ اس صورت حال میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اگلے دو ون ڈے میچز نوجوان بیٹسمین کی صلاحیتوں کا بڑا امتحان ثابت ہوں گے۔