پاکستان ہاکی ٹیم منیجمنٹ نے ورلڈ کپ کے لئے قوم سے دعا کی اپیل کر دی

اسلام آباد (سپورٹس ورلڈ نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم منیجمنٹ نے ورلڈ کپ کے لئے قوم سے دعا کی اپیل کر دی، قومی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے بھارت جا رہی ہے، گرین شرٹس کی تیاریاں بھرپور ہیں، کھلاڑی بھارت میں کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے بھی پرعزم ہیں تاہم یہ میری پوری کا پوری قوم سے اپیل ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، عالمی کپ کے مقابلوں کے دوران گرین شرٹس کو بھرپور سپورٹ کریں اور اس کی کامیابی کے لئے بھرپور دعائیں کریں۔ ایک سوال پر قومی کوچ نے کہا کہ ہمارا پہلا میچ مضبوط حریف جرمنی کے ساتھ ہے ،میچ میں کامیابی کی صورت میں نہ صرف کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ دوسرے میچز میں بھی بھرپور طریقے سے ایکشن میں دکھائی دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین اسٹائل ہی ہمارا اصل ہتھیار ہے، اسی اسٹائل کو اپناکرعالمی کپ کے میچز کے نتائج اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے ۔