پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور ڈائریکٹر میڈیا کیلئے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے : چیئرمین پی سی بی احسان مانی

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز) پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور ڈائریکٹر میڈیا کیلئے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ احسان مانی کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر کا اعلان کل اعلامیے کے ذریعے کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر میڈیا کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے اور سمیع الحسن برنی کو ڈائریکٹر میڈیا کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیلئے وسیم خان مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ یاد رہے کہ اکتوبر میں پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے ایم ڈی کیلئے اخبار میں اشتہار دیا تھا، ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایم ڈی کو ماہانہ ریکارڈ 20 لاکھ روپے کی تنخواہ اور مراعات کا پیکج دیا جائے گا۔ اسی طرح پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ کے پیکیج کیلئے بھی بورڈ آف گورنرز سے منظوری کیلئے رجوع کیا گیا ہے، ڈائریکٹر میڈیا کی تنخواہ اور مراعات کا پیکیج 10 لاکھ روپے ہوگا۔ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ منیجنگ ڈائریکڑ کے عہدے کیلئے اشتہار دینا ایک ڈرامہ ہے، اس عہدے پر چیئرمین اپنے قریبی دوست کو لا رہے ہیں جس کیلئے پہلے تو آئین میں ترمیم کرنا ہو گی، پھر ایسا ممکن ہوگا۔