تازہ ترین
بنیادی صفحہ / دیگر سپورٹس / سپورٹس کی بحالی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اپنے اصل مینڈیٹ کی طرف واپس آرہا ہے ، اپریل میں پنجاب گیمز منعقد کرائیں گے، ندیم سرور

سپورٹس کی بحالی کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اپنے اصل مینڈیٹ کی طرف واپس آرہا ہے ، اپریل میں پنجاب گیمز منعقد کرائیں گے، ندیم سرور

لاہور(سپورٹس ورلڈ نیوز)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس کی بحالی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اپنے اصل مینڈیٹ کی طرف واپس آرہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے سالوں بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر بحال کیا ہے، مارچ میں رستم پاکستان دنگل اور اپریل میں پنجاب گیمز منعقد کرائی جائیں گی، رواں سال مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس3 بار لگائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کا بنیادی کام انڈر16 کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے اور ان کو تربیت دینا ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے حال ہی میں لاہور سمیت 5اضلاع میں 7 کھیلوں کے کیمپ لگائے ہیں جن میں سے 4 کیمپس کی مدت 3 ہفتے جبکہ 3 کیمپس کی مدت 4 ہفتے تھی، یہ کیمپس بہت کامیاب رہے اور بچوں نے ان کیمپس سے بہت کچھ سیکھا ہے، یہ کیمپ رواں سال میں مزید 3 مرتبہ لگائے جائیں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ ان کیمپس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے اور نئے کھلاڑی تیار ہوں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے مستقبل کے پروگرامز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ مارچ کے آخری ہفتہ میں رستم پاکستان دنگل کرائیں گے اور اپریل میں یونیورسٹی لیگ کے ساتھ پنجاب گیمز بھی منعقد کررہے ہیں، یہ تمام سرگرمیاں سپورٹس بورڈ پنجاب گزشتہ چند سالوں سے نہیں کررہا تھا، ہم اب اپنے اصل مینڈیٹ کی طرف واپس جارہے ہیں، ہم نے سالانہ سپورٹس کیلنڈر بحال کیا جس کے تحت انٹر تحصیل سطح پر مقابلے ہوچکے ہیں، اب پنجاب گیمزکو بحال کریں گے، انہوں نے کہا کہ جو چیزیں ہمارے مینڈیٹ میں نہیں ہیں اس کی طرف نہیں جائیں گے، پاکستان میں سپورٹس کی بحالی کے لئے محکمہ سپورٹس اور سپورٹس تنظیموں کو اپنے مینڈیٹ کے تحت کام کرنا ہوگا۔