تازہ ترین
بنیادی صفحہ / کرکٹ / کر کٹ : پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے : وسیم خان

کر کٹ : پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے : وسیم خان

لاہور( سپورٹس ورلڈ نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اس میں ربط پیدا کرنے کے لیے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وسیم خان نے لاہور میں پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ قومی ٹیم کی بین الاقوامی سطح، بالخصوص ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی بہتر نہیں ہے۔انہوں نے وضاحت دی کہ اصل مسئلہ نظام کی نچلی سطح میں ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کے سٹرکچر کو بہتر بنانا نہایت ناگزیر ہے، نظام اتنا مضبوط نہیں اور ہمیں یہ معلوم ہے کیونکہ ہم اس کے نتائج بھی دیکھ رہے ہیں اور ہمیں بے ربطگیاں بھی نظر آرہی ہیں۔پی سی بی کے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ وہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے اور اسے بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک سٹرکچر میں تبدیلیاں لانے میں کئی چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ کئی ڈپارٹمنٹ اور ریجنز اس سے منسلک ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ہماری جیت میں ربط نہیں ہے اور ہم اس مسئلے کا کم مدتی حل نہیں سوچ رہے بلکہ طویل المدتی حل کی تلاش میں ہیں اور کوشش کریں گے ہماری جیت میں تسلسل قائم ہو۔نئے ایم ڈی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا کام ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کی نگرانی کرنا اور ضلعی سطح پر سکولوں میں کرکٹ کو فروغ دینا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے نظریہ بالکل واضح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی سالوں میں تیار کیے گئے سسٹم کو ایک دن میں توڑا نہیں جاسکتا۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ میراکنٹریکٹ3سال کاہے لیکن طویل مدت کے لیے پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں، اپنی فیملی کو بھی پاکستان منتقل کررہا ہوں اور اب قومی کرکٹ کی بحالی میں نہ صرف اپنا کردار ادا کروں گا بلکہ اس کے لیے جلد اہداف بھی مقرر کریں گے۔