تازہ ترین
بنیادی صفحہ / کلب نیوز / فضل محمود کرکٹ ‘ زون تھری‘شمیل کی رائل سی سی کیخلاف آسان کامیابی،محمد الیاس کے6شکار

فضل محمود کرکٹ ‘ زون تھری‘شمیل کی رائل سی سی کیخلاف آسان کامیابی،محمد الیاس کے6شکار

کراچی ۔ 17 مارچ 2019 (اسپورٹس ورلڈ نیوز) کے سی سی اے زون تھری کی زیرنگرانی فضل محمود نیشنل کلب چمپئن شپ میں مزید 2میچوں کے نتائج برامد ہوگئے۔ شمیل سی سی نے باآسانی رائل سی سی کیخلاف 148رنز سے کامیابی حاصل کی جبکہ معین خان اکیڈمی بھی نیوگلستان سی سی کو 8وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کرنے میں کامیاب رہی۔شمیل سی سی کے ذیشان جمیل اور اسرار اسلم نے نصف سنچریاں اسکورکیں اور محمد الیاس نے 17رنز کے عوض 6کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ رائل سی سی کے ثاقب آفریدی نے 49رنز کی اننگز کھیلی۔ معین خان کرکٹ اکیڈمی کے انس قیصر نے 131رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور قمرعباس کے ہمراہ تیسری وکٹ پر 116رنز کی شراکت داری نبھائی۔ نیو گلستان کے ارحام یونس 41رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ایسٹرن اسٹار گراؤنڈ پر شمیل سی سی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 44.3اوورز کا سامنا کرکے 267رنز پر پویلین سدھار گئی۔ ذیشان جمیل نے 68رنز کی اننگز میں 8چوکے اور اسرار اسلم نے 66رنز میں 5چھکے اور 3چوکے لگائے۔ آدرش ناظم کی 43رنز کی اننگز 3چھکوں اور 3چوکوں سے مزین تھی۔عرفان نیازی نے 3جبکہ شعیب خان اور پرویز علی نے 2,2وکٹیں باہم تقسیم کیں۔ رائل سی سی کی جوابی اننگز انتہائی مایوس کن تھی جب پوری ٹیم 23.4اوورز میں 109رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ثاقب آفریدی 49رنز بنا کر کچھ مزاحمت کرسکے انہوں نے دوران اننگز 4چوکے اور2چھکے رسید کئے۔ وسیم اکبر نے 3چوکوں کی بدولت 16اورارتضیٰ خان کے 14رنز میں ایک چوکا شامل تھا۔ محمد الیاس نے 17رنز پر 6کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا پروانہ تھمایا۔معین خان اکیڈمی گراؤنڈ پر نیوگلستان سی سی نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور 38.1اوورز میں تمام وکٹوں پر 198رنز سمیٹے۔ ارحام یونس 41رنز میں6چوکے لگا کر اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز بنے۔ محمد انس نے 24اور نادر خالد نے 21رنز اسکور کئے۔ نجیب اﷲاور تبریز مرزا نے 3,3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا ۔2وکٹ انس قیصر کے نام رہیں۔معین خان اکیڈمی نے مطلوبہ ہدف کو باآسانی 23اوورز میں حاصل کرلیا جب 2وکٹوں پر 202رنز اسکور بورڈ پر آویزاں کئے گئے۔ انس قیصر نے انتہائی جارحانہ اننگز کھیلی اور 131رنز میں 18باؤنڈریز اور 6بلند و بالا چھکے لگا اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قمرعباس کے 19رنز 2چوکوں کی مرہون منت تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ پر ناقابل شکست 116رنز کی رفاقت قائم کی، اوپنر محمد اشفاق کے 38رنز 4چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل تھے۔وقاص احمد اور عبدالمعیز نے حریف ٹیم کے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔