تازہ ترین
بنیادی صفحہ / ٹینس / نوجوانوں کا مقبول کھیل لان ٹینس 72ویں پنجاب گیمز میں شامل کیا گیا ہے، پنجاب گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کی نئی راہیں کھلیں گی اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ ندیم سرور

نوجوانوں کا مقبول کھیل لان ٹینس 72ویں پنجاب گیمز میں شامل کیا گیا ہے، پنجاب گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کی نئی راہیں کھلیں گی اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔ ندیم سرور

لاہور۔ 18مارچ 2019 (سپو رٹس ورلڈ نیوز) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں کو صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے لئے اگلے ماہ 72پنجاب گیمز کا انعقاد کررہا ہے، اس ایونٹ سے سپورٹس کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا رحجان بڑھے گا، نوجوانوں کے مقبول کھیل لان ٹینس کو بھی پنجاب گیمز میں شامل کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز باغ جناح ٹینس کورٹس میں سروس ٹائرز جونیئر نیشنل ٹینس چیمپئن شپ 2019ء کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک، معین الحق اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب 3 سے 6 اپریل تک 8 سال بعد پنجاب گیمز منعقد کررہا ہے، 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں 9ڈویژنز کے مردوخواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، تمام ڈویژنز میں ٹرائلز جاری ہیں، 72ویں پنجاب گیمز کے انعقاد سے سپورٹس کی نئی راہیں کھلیں گی اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، انہوں نے مزید کہا کہ لان ٹینس کا کھیل پاکستان میں مقبول ہے، لان ٹینس بھی 72ویں پنجاب گیمز میں شامل ہے، نوجوانوں کوصلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک کی لان ٹینس کے فروغ کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رشید ملک نے لان ٹینس کے فروغ کے لئے حقیقی معنوں میں محنت کی ہے جس کی وجہ سے نوجوان کھلاڑی لان ٹینس کی طرف آرہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے تقریب کے اختتام میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے، کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے۔